گلگت میں یوم حسین علیہ السلام منانے والے طلبا اور اساتذہ کے خلاف مقدمے درج/ گرفتاری کے لئے چھاپے


گلگت میں یوم حسین علیہ السلام منانے والے طلبا اور اساتذہ کے خلاف مقدمے درج/ گرفتاری کے لئے چھاپے

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں یوم حسین علیہ السلام کا انعقاد کرنے والے 33 نامزد طلباء اور اساتذہ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات بنائے گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، نامزد طلبا اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ یوم حسین علیہ السلام کی تقریب میں شرکت کرنے والے 500 نامعلوم طلباء کے خلاف بھی کے آئی یو (قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی) تھانے میں ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، پولیس نامزد طلباء کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے آج اسلامی جمعیت طلباء اور اہل سنت والجماعت کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

وفد میں شامل طلباء نے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں مذہبی پروگرام پر بندش کے باوجود یوم حسین علیہ السلام کا انعقاد کرنے والوں کے خلاف یونیورسٹی انتظامیہ ایکشن لے بصورت دیگر سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔

دوسری جانب، مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے حکومت کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے مذہبی انتہا پسندی کو فروغ ملے گا۔

حکومت کو چاہئے کہ تمام مسالک اور مذاہب کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے حکومتی سطح پر کوششیں کرے تاکہ دشمنوں کی مسلمانوں کے مابین تفرقے کی سازشیں ناکام ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی یقین دہانیوں پر احتجاجی دھرنے کو ختم کردیا گیا ہے اب حکومت اپنے وعدے کو پورا کرے اور گرفتار طلباء کو فوراً رہا کیا جائے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی اسلام آباد میں سعودی سفیر سے ملاقات کو بد شگونی سے تعبیر کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ آل سعود کی گلگت بلتستان میں سرگرمیوں کو محدود نہ کیا گیا تو اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری