مطالبات نہ مانے گئے تو گو نواز گو تحریک چلائیں گے، بلاول


مطالبات نہ مانے گئے تو گو نواز گو تحریک چلائیں گے، بلاول

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 4 نکات پر کوئی یوٹرن نہیں ہو گا، اگر حکومت نے 27 دسمبر تک ہمارے 4 نکات نہ مانے تو پھر ’’گو نثار گو‘‘ نہیں بلکہ ’’گو نواز گو‘‘ ہو گا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، حکومت کی مشکلات میں کمی ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔

ابھی مسلم لیگ تحریک انصاف ہی سے نبردآزما تھی کہ چئیرمین پیپلز پارٹی کے بیان نے حکومت کی الجھنوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں پارٹی تنظیم پر فیصلے کرلئے ہیں۔ اس حوالے سے اعلان کرنے والے ہیں، سب کو دکھا دیں گے کہ پیپلزپارٹی کل بھی زندہ تھی اور آج بھی زندہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم اپنے مطالبات پر یو ٹرن لینے والے نہیں ہیں، ابھی تو چوھدری نثار سے استعفی کا مطالبہ کیا ہے لیکن اگر ہمارے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ہم گو نواز گو کی تحریک چلائیں گے۔

اپنے مطالبات کے پورا ہونے لے لئے انہوں نے حکومت کو 27 دسمبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر کی موت پارٹی کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ پارٹی کے لوگ جہانگیر بدر کی خدمات کو نہیں بھولے۔ جہانگیر بدر سڑک پر چلنے والا وہ جیالا تھا جس نے پارٹی کیلئے جو کام کیا وہ پارٹی کی قیادت اور پارٹی کبھی نہیں بھلا سکتی۔

یہ پی پی کا کمال ہے کہ جہانگیر بدر جیسا کارکن پارٹی کا سیکرٹری جنرل بنا۔ جہانگیر بدر کا کام اب ہم سب کو مل کر کرنا ہے، ہم سب مل کر محنت کریں گے تو الیکشن جیتیں گے اور پورے پنجاب میں مثبت پیغام جائے گا۔

پارٹی کی تشکیل نو کا کام جلدی کر لیں گے۔ بہت جلد پی پی پنجاب کی تنظیم کا اعلان کروںگا۔ لاہور میں دوبارہ الیکشن جیتیں گے۔

وہ لاہور میں پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانگیر بدر کی رہائش گاہ پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ندیم افضل چن، علی بدر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری