بھارت میں ٹرین حادثہ، 91 افراد ہلاک اور 150 زخمی


بھارت میں ٹرین حادثہ، 91 افراد ہلاک اور 150 زخمی

بھارت کے شمال مشرقی شہر پٹنہ اور مشرقی شہر اندور کے درمیان چلنے والی مسافر ٹرین کانپور کے قریب پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 91 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، بھارت میں ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مالی و جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق، حادثہ رات 3 بج کر 10 منٹ کے قریب پیش آیا جب زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق، ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل دلجیت سنگھ چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 63 لاشیں ٹرین کے ملبے سے نکالی جاچکی ہیں جبکہ 150 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جن میں درجنوں ایمبولینس اور ڈاکٹرز کی ٹیم بھی شامل تھی جبکہ قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی تھی۔

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پٹنہ اندور ایکسپریس کانپور کے قریب پٹڑی سے اتری جبکہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کررہی ہے۔

بھارتی وزیر ریلوے سریش پربھو حادثے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر فعال نظر آئے اور انہوں نے اپنے متعدد پیغامات میں کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کو سخت سزائیں کی دی جائیں گی۔

ساتھ ہی وزیر ریلوے نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لیے مالی امداد کے بھی اعلانات کیے اور دعویٰ کیا کہ وہ خود ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ ’میری دعائیں حادثے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کے ساتھ ہیں‘۔

واضح رہے کہ بھارت میں طویل مسافت طے کرنے کے لیے ٹرین ہی سب سے اہم ذریعہ ہے تاہم ریلوے نیٹ ورک کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اور اکثر ایسے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

2014میں ریاست اتر پردیش میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مودی سرکاری نے عوام سے وعدہ کررکھا ہے کہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران ریلوے پر 137 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے تاکہ اسے جدید، تیز اور محفوظ بنایا جاسکے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری