گلگت بلتستان میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا + تصاویر


گلگت بلتستان میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا + تصاویر

دنیا بھر کی طرح آج گلگت بلتستان میں شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر کی طرح آج گلگت بلتستان میں شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر امام بارگاہوں میں مجالس عزا کا انعقاد ہوا جس میں مقررین نے شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ظالم حکمرانوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے کردار حضرت زینب علیہ السلام کو مشعل راہ قرار دیا۔

چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر گلگت ڈویژن میں سب سے بڑا اجتماع انجمن حسینیہ نگر خزانہ روڈ پر ہوا جس میں آس پاس کے مضافات سے عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے سید راحت حسین الحسینی نے تکفیری سوچ اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کیلئے کہا کہ لازم ہے کہ حسین ابن علی علیہ السلام کی پیروی کی جائے۔

مٹھی بھر دہشت گردوں نے امن عالم کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔ شام، لبنان، عراق، افغانستان، پاکستان اور یمن میں روزانہ بے گناہ انسانوں کا خون بہایا جارہا ہے، اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کے درمیان اختلافات کو ہوا دیکر تکفیری گروہوں کی سوچ کو پروان چڑھارہی ہیں اور ہمارے نام نہاد مسلم حکمران سامراجی سازشوں کا راستہ روکنے کی بجائے خود ان سازشوں کا شکار ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے آج مسلم ممالک مغرب کے دست نگر بنے ہوئے ہیں اور ان کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم حکمران جب تک استعمار کے سرغنہ امریکہ اور اس کے حواریوں سے قطع تعلق نہیں کرینگے ملکی وسائل غیروں کے ہاتھ میں ہونگے۔

مجلس کے اختتام پر عزاداران حسین علیہ السلام کا پرشکوہ جلوس برآمد ہوا جو امامیہ جامع مسجد سے ہوتا ہوا شہید علی محمد کے مزار پر اختتام پذیر ہوا۔

شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ضلع نگر کا سب سے بڑا اجتماع غلمت نگر میں منعقد ہوا جبکہ ضلع ہنزہ میں گنش کے مقام پر عزاداروں نے جلوس نکال کر شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کیا۔

ضلع استور،ضلع سکردو، ضلع شگر، ضلع کھرمنگ اور ضلع گانچھے میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترم کے ساتھ منایا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری