آئیدیاز 2016ء؛ ترکی کا پاکستان سے 52 سپر مشاق طیارے خریدنے کا معاہدہ


آئیدیاز 2016ء؛ ترکی کا پاکستان سے 52 سپر مشاق طیارے خریدنے کا معاہدہ

ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کے دوران مختلف ممالک کے مندوبین اسلحے کی خریدو فروخت میں دلچسپی لے رہے ہیں جہاں پاکستان اور ترکی کے درمیان 52 سپر مشاق طیاروں کی خریدو فروخت کا معاہدہ بھی ہو چکا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا آج دوسرا روز ہے جہاں مختلف ممالک پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، بین الاقوامی دفاعی نمائش کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت انقرہ، اسلام آباد سے اربوں روپے کے 52 سپر مشاق طیارے خریدے گا۔

واضح رہے کہ سپر مشاق طیارے پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس میں تیار کئے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک مقامی کمپنی نے بھی پاکسان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کے ساتھ ہتھیاروں کا معاہدہ ہوا ہے، مجموعی طور پر پاکستان کے 3 دفاعی معاہدے ہو چکے ہیں جب کہ 14 معاہدے ہونے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے ہو چکے ہیں لیکن سب سے بڑا معاہدہ ترکی کے ساتھ ہوا ہے جس کے تحت پاکستان ترکی کو 2 سال کے عرصے میں 52 سپرمشاق طیارے فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی سپر مشاق طیاروں کی فروخت کے معاہدے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک پاکستانی سپر مشاق طیارے کی قیمت تقریباً 10 لاکھ ڈالر بنتی ہے اور اس حساب سے 52 طیارے تقریبا 5 کروڑ 20 لاکھ ڈالر یعنی 5 ارب 20 کروڑ روپے لاگت بنتی ہے۔

چار روز تک جاری رہنے والی دفاعی نمائش میں 43 ممالک کے 90 وفود شرکت کررہے ہیں اور ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح کے ہیں جن کی سربراہی ان ملکوں کے وزیر دفاع، ڈیفنس سیکریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس کررہے ہیں، مجموعی طور پر 261 غیرملکی اور 157 پاکستانی کمپنیاں شریک ہیں جب کہ 34 ممالک کی 418 کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کررہی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری