بھارت کی اشتعال انگیزی جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے، خواجہ آصف


بھارت کی اشتعال انگیزی جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے، خواجہ آصف

پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے اشتعال انگیزی کر رہا ہے جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے سرحدی علاقوں پر حالیہ بربریت ایک بڑی جنگ میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے اشتعال انگیزی کررہا ہے جس کا بھرپورجواب دیا جا رہا ہے۔

پاکستانی وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں پر حالیہ بربریت ایک بڑی جنگ میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی اندرونی سیاست میں بہت مسائل ہیں جس کی وجہ سے وہ مسلسل اشتعال انگیزی کررہا ہے اور مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جاتا ہے جس سے بھارت کا زیادہ نقصان بھی ہوتا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے حالات کشیدہ ہوسکتے ہیں، حالیہ اشتعال انگیزی بڑی جنگ میں تبدیل ہوسکتی ہے تاہم ہم فوجی اور سفارتی سطح پر معاملات اٹھا رہے ہیں اور دنیا کو بتا رہے ہیں کہ حالات سے تنازع پیدا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں پر فائرنگ بدستور جاری ہے اور آئے روز پاکستانی شہریوں اور فوجیوں کی شہادت کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری