نواز شریف: جنرل راحیل کے اسٹرٹیجک مشوروں کو اہمیت دی ہے جس سے آئندہ بھی فائدہ اٹھاتے رہیں گے


نواز شریف: جنرل راحیل کے اسٹرٹیجک مشوروں کو اہمیت دی ہے جس سے آئندہ بھی فائدہ اٹھاتے رہیں گے

پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی وزیر اعظم نواز شریف سے الوداعی ملاقات اور ان کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں دیا گیا عشائیہ اس وقت پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک یاددگار واقعہ بن گیا جب نواز شریف نے ریٹائرڈ ہونے والے سپہ سالار کی خدمات کے اعتراف میں شاندار الفاظ میں انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزیراعظم پاکستان نے بری فوج کے سربراہ کے اعزاز میں عشائیہ کے دوران کہا کہ جنرل راحیل کے اسٹرٹیجک مشوروں کو اہمیت دی اور آئندہ بھی ان کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے جبکہذرائع کا کہنا ہے کہنئے سپہ سالار کی تقرری پر بھی آرمی چیف سے مشاورت کا قوی امکان موجود ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف بہترین فوجی قائدین میں سے ایک ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیشہ جنرل راحیل کے تزویراتی مشوروں کو اہمیت دی اور آئندہ بھی ان سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ان کا تعلق پاکستان کے بہادر شہداء کے خاندان سے ہے۔ ان کی قابلیت کی بنیاد پر انہیں پاکستانی فوج کا سپہ سالار مقرر کیا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے مادر وطن کے لئے اپنے بڑوں کی خدمات کو پروان چڑھایا اور محنت اور لگن سے خود کو اچھا سپہ سالار ثابت بھی کیا۔ بطور آرمی چیف شاندار خدمات انجام دیں۔

گوکہ جنرل راحیل شریف اور وزیر اعظم نواز شریف نے تنہائی میں ملاقات کی لیکن بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ ٓآرمی چیف کی الوداعی ملاقات میں وزیر اعظم نے ان کے جانشین کی تقرری کے سلسلے میں مشاورت بھی کی ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس میں جنرل راحیل کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

وفاقی کابینہ کے اراکین بشمول اسحاق ڈار، عبدالقادر بلوچ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اراکین پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں سینیٹر مشاہد حسین سید بھی نمایاں تھے۔

انہوں نے وزیر اعظم سے از راہ تفنن کہا کہ وہ تو سمجھے تھے کہ میاں صاحب ڈائٹنگ کررہے ہوں گے لیکن انہوں نے تو بہترین کھانے کا انتظام کر رکھا ہے۔

تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ، چاروں سینیئر فوجی جرنیلوں سمیت دیگر عسکری افسران و آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل رضوان اختر اور آئی ایس پی آر کے سربراہ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بھی شرکت کی۔

وزیر اعظم نے تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی کھنچوایا۔

جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم کی تقریر کے بعداحتراماً کھڑے ہوکر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری