جنرل راحیل شریف آنے والوں کے لئے بھی مثال بنیں گے، صدر ممنون


جنرل راحیل شریف آنے والوں کے لئے بھی مثال بنیں گے، صدر ممنون

صدر مملکت پاکستان ممنون حسین نے بری فوج کے سربراہ سے الوداعی ملاقات میں گفتگو کے دوران جنرل راحیل شریف کی ملک کے لئے خدمات کو سراہا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، صدر مملکت پاکستان ممنون حسین نے بری فوج کے سربراہ سے الوداعی ملاقات کی ہے۔

صدر ممنون حسین کا اس ملاقات میں کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کا سہرا آرمی چیف کو جاتا ہے اور یہ آپریشن اور کراچی آپریشن پاکستان کی تاریخ کا اہم باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں نیشنل ایکشن پلان بھی قابل ستائش منصوبہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے پروقار انداز میں ذمے داریاں نبھائیں اور وہ آنے والوں کے لئے بھی مثال بنیں گے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جنرل راحیل کو باوقار انداز سے الوداع کہنا خوش آئند ہے۔

صدر ممنون نے کہا کہ پاکستان میں امن کی بحالی سے اقتصادی ترقی بھی ممکن ہوگی۔ دنیا بھر کے معاشی ادارے پاکستان کی پالیسیوں کے معترف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کے لئے آپریشن جاری رہے گا۔ پاکستان کے عوام بھی جنرل راحیل کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

آخر میں ایوان صدر میں آرمی چیف کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا گیا جس میں دیگر مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی کابینہ کے اہم اراکین سمیت دیگر زعماء نے شرکت کی.

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری