امید ہے نئے سربراہ کے تحت پاک فوج اپنے شعار "ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ" پر عمل پیرا ہوگی


امید ہے نئے سربراہ کے تحت پاک فوج اپنے شعار "ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ" پر عمل پیرا ہوگی

سینیٹر اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے سربراہ کے تحت پاکستان فوج اپنے شعار "ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ" پر عمل پیرا ہوگی جبکہ اس سلیقے اور طریقے کے تحت آرمی چیف کی تبدیلی و تقرری خوش آئند ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے امید ظاہر کی ہےکہ  بحیثیت ایک ادارے کے پاکستانی فوج اور نیا آنے والا بری فوج کا سربراہ  پاکستانی فوج  کے اعلان کردہ شعار یعنی "ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ" کے تحت چلیں گے۔

مزار قائد کے سامنے باغ جناح کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں جماعت اسلامی کے تحت سندھ ورکرز کنونشن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنرل راحیل شریف سلیقے کے ساتھ رخصت ہورہے ہیں اور نیا آرمی چیف ایک طریقے اور ضابطے کے ساتھ مقرر کردیا گیا ہے، اس سلیقے اور طریقے کے ساتھ اس تبدیلی کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم ایسا نظام اور معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں ایک انسان دوسرے کا محتاج نہ ہو ایک ایسی دنیا جس میں غربت اور جہالت نہ ہو، ایک خاندان اور پارٹی دوسروں کا استحصال نہ کرے، جہاں کرپشن اور رشوت عام نہ ہو، بستیوں شہروں میں امن وسکون عام ہوجائے، عوام کے بچوں کو انصاف اور امن ملے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ بانی پاکستان قائد اعظم نے قوم سے اسلامی ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا کہ ہم اس ملک میں اسلامی شریعت قائم کریں گے۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمہارے ہاتھ میں وہ لکیر ہی نہیں کہ تم پاکستان کا پانی بند کرسکو، تم پاکستان کا پانی بند کرو گے تو سن لو ہم تمہاری سانس بند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ زمانہ گزر گیا ہے اور حالات مکمل تبدیل ہو گئے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری