پنجاب کی صنعتوں کے لئے گیس کی قیمت سندھ کے برابر نہ کرنے کے خلاف احتجاج


پنجاب کی صنعتوں کے لئے گیس کی قیمت سندھ کے برابر نہ کرنے کے خلاف احتجاج

پاکستانی برآمد کنندگان نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کی صنعتوں کے لئے گیس کی قیمت سندھ کے برابر نہ کرنے کے خلاف احتجاج ہوگا اور اسی سلسلے میں ٹیکسٹائل صنعت کی نمائندہ تنظیمیں 6 دسمبر کو یوم سیاہ بھی منائیں گی۔ ،

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ٹیکسٹائل صنعت کی نمائندہ تنظیموں نے پاکستان کے صوبہ پنجاب کی صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی سرکاری قیمت صوبہ سندھ کی صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمت سے 120 فیصد زیادہ مقرر کرنے کے خلاف احتجاج کے طور پر 6دسمبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان تاجروں اور ٹیکسٹائل اشیاء کے برآمد کنندگان کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداروں نے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر دفتر کے باہر ایک احتجاجی دھرنے میں کیا۔

اس تنظیم کے موجودہ چیئرمین اجمل فاروق، آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے سربراہ چوہدری عبدالحق، پاکستان ہوزری مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن شمالی زون کے ضیاء علمدار حسین، ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر سعید شیخ اور دیگر نے نواز لیگی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ ٹیکسٹائل پیکیچ دیا جائے گا لیکن تاحال اس اعلان پر عمل نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے شکایت کی کہ سندھ کی صنعتوں کو چار سو روپے فی mmbtu یونٹ گیس فروخت کی جارہی ہے جبکہ پنجاب کو گیسیفائیڈ لیکویفائڈ قدرتی گیس مذکورہ فی یونٹ کے لئے 900 روپے کے حساب سے ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔

انہوں نے اس عدم مساوات کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جو قیمت سندھ میں ہے وہی قیمت پنجاب میں بھی وصول کی جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت صنعتوں کو 7 روپے فی یونٹ بجلی فروخت کرے۔

یوم سیاہ کا اعلان مذکورہ بالا تنظیموں اور آل پاکستان سائزنگ انڈسٹریز ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن اور کاؤنسل آف لومز اونرز نے مشترکہ طور پر کیا ہے جبکہ پنجاب کا صنعتی ضلع فیصل آباد بھی اس احتجاج میں پیش پیش ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری