جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمانڈ سنبھال لی


جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمانڈ سنبھال لی

جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کی کمانڈ میں تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں جنرل قمر جاوید باجوہ سبکدوش ہونے والے جنرل راحیل شریف کی جگہ آرمی چیف کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کی کمانڈ میں تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ذکا اللہ، ایئر فورس چیف سہیل امان اور پاک فوج کے کور کمانڈرز سمیت اعلیٰ ترین افسران کے علاوہ وفاقی وزرا خواجہ آصف، عبدالقادر بلوچ، مریم اورنگزیب سمیت دیگر پارلیمینٹرینز، غیر ملکی سفرا اور سفارت خانوں میں تعینات ملٹری اتاشی نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے جنرل راحیل شریف اور کمان سنبھالنے والے جنرل قمر جاوید باجوہ کو سلامی پیش کی۔ جس کے بعد جنرل راحیل شریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ نےگارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

تقریب سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل راحیل شریف نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدا کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ جنرل راحیل شریف کو پاک فوج کے اعزازی دستے نے سلامی دی۔

پاک فوج کی کمانڈ کی تقریب کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، جی ایچ کیو کے قریب واقع سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل ہے، مال روڈ اور ملحقہ شاہراہوں کو آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا تھا جب کہ بلند عمارتوں پر فوجی جوان تعینات تھے۔ اس کے علاوہ کئی علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی تھی۔

اس موقع پر جنرل راحیل شرف نے الوداعی خطاب کرتے ہوئے عوام، میڈیا اور سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا: "مجھے دنیا کی بہترین فوج کی قیادت سنبھالنے پر فخر ہے۔"

واضح رہے کہ جنرل راحیل شریف ریٹائر ہوگئے ہیں، صدر ممنون حسین نے 26 نومبر کو وزیراعظم نواز شریف کی تجویز پر لیفٹننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دی تھی۔

جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف مقرر کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری