اشرف غنی:

پاکستان، افغانستان کی ترقی کے لئے مختص رقم دہشت گردی کو قابو کرنے کے لئے استعمال کرے

خبر کا کوڈ: 1257565 خدمت: دنیا
اشرف غنی

افغان صدر اشرف غنی نے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کی ترقی کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ رقم دہشت گردی کو قابو کرنے کے لیے استعمال ہونی چاہیے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، بھارت کے شہر امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا چھٹا وزارتی اجلاس شروع ہوگیا جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کررہے ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے کانفرنس کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا اور دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان پر شدید تنقید کی۔

افغان صدر اشرف نے کہا کہ میں الزام تراشیوں کا تبادلہ نہیں چاہتا، میں اس بات کی وضاحت چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اشرف غنی نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ افغانستان کو دہشت گردی سے لڑنے کے لیے امداد چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو سمجھنے اور اس سے نمٹنے کی ضرورت ہے، پاکستان نے افغانستان کی ترقی کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ رقم دہشت گردی کو قابو کرنے کے لیے استعمال ہونی چاہیے۔

اشرف غنی کے خطاب کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی وہاں موجود تھے۔

اشرف غنی نے مزید کہا کہ گزشتہ برس افغانستان میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی، یہ ناقابل قبول ہے، کچھ عناصر اب بھی دہشت گردوں کو پناہ دے رہے ہیں، ایک سینیئر طالبان رکن نے حال ہی میں کہا کہ اگر انہیں پاکستان میں محفوظ پناہ گاہ نہ ملتی تو وہ ایک مہینہ بھی نہیں چل سکتے۔

انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ کراس بارڈر سرگرمیوں کو جانچے۔

افغان صدر نے بھارت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کا تعاون ہمیشہ غیر مشروط ہوتی ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات مشترکہ اقدار اور بھروسے پر مبنی ہیں۔

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان مصافحہ ہوا تاہم باضابطہ ملاقات نہیں ہوئی۔

ہندوستان کے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیرا عظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے مشترکہ طور پر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا افتتاح کیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ہونے والے علیحدہ ملاقات بھی ایک گھنٹے تک جاری رہی جبکہ اس سے قبل نریندر مودی اور اشرف غنی نے مشترکہ طور پر گولڈن ٹیمپل کا بھی دورہ کیا تھا۔

    تازہ ترین خبریں