پاکستان کا افغانستان سے تحریک طالبان کے مراکز ختم کرنے کا مطالبہ


پاکستان کا افغانستان سے تحریک طالبان کے مراکز ختم کرنے کا مطالبہ

بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی ساری قیادت افغانستان میں ہے اور پاکستان یہ اُمید کرتا ہے کہ کابل سمیت دیگر ممالک طالبان کے مراکز ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا امرتسرمیں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی ساری قیادت افغانستان میں ہے اور پاکستان یہ اُمید کرتا ہے کہ کابل سمیت دیگر ممالک طالبان کے مراکز ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان پر الزام تراشی سے تشدد کا خاتمہ نہیں ہوگا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے بتایا کہ سرتاج عزیز اور اجیت دوول کی باضابطہ ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی پاکستان نے دوطرفہ مذاکرات پرکوئی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بات چیت کا خواہشمند تو ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔

یاد رہے پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے موقع پر کہا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے کسی ایک ملک پر الزام لگانے کے بجائے بامقصد متفقہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے، ہمیں الزام تراشی سے گریز کرنا چاہئے، الزام تراشی کے بجائے ہمیں مثبت اقدامات پر توجہ دینی چاہئے۔

افغان صدر اشرف غنی نے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کی ترقی کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ رقم دہشت گردی کو قابو کرنے کے لیے استعمال ہونی چاہیے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری