افغانستان میں طالبان اور تشدد کو ختم نہیں کرسکتے، اوباما


افغانستان میں طالبان اور تشدد کو ختم نہیں کرسکتے، اوباما

امریکا کے صدر براک اوباما نے آخرکار افغانستان میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہہ دیا ہے کہ واشنگٹن نہ تو طالبان کو ختم کرسکتا ہے اور نہ ہی افغانستان میں تشدد کو کم کرسکتا ہے تاہم وہ جنوبی ایشیاء میں کسی بھی دہشت گرد گروپ کا سامنا کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی صلاحیت کو بڑھا سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، فلوریڈا میں میک ڈل ایئر بیس پر خطاب کے دوران براک اوباما نے اپنے دور صدارت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عراق اور افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرنے پر خاص توجہ مرکوز رکھی۔

ڈان نیوز نے خبر دی ہے کہ براک اوباما کے مطابق، ان کی پالیسیوں کی وجہ سے افغانستان میں انتہاپسندی کم ہوئی، لیکن وہاں اب بھی صورتحال کشیدہ ہے، گزشتہ تین دہائیوں سے جنگ افغان شہریوں کی زندگی کا حصہ ہے، امریکا وہاں تشدد کی لہر کو ختم نہیں کرسکتا۔

امریکی صدر نے دہشت گردی کے خلاف امریکی کامیابیوں کو غیر اہم سمجھنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے جنوبی ایشیاء میں موجود دہشت گرد گروپوں کو کنٹرول کرنے کے لیے بھرپور حکمت عملی بنائی۔

براک اوباما نے دعویٰ کیا کہ ان کی پالیسیوں کے باعث افغانستان میں حالات بہتر بنانے میں مدد ملی، اب ویاں لڑکیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں، لوگوں کو علاج، بجلی اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات میسر ہیں، تاہم اوباما نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کامیابیوں کا یہ مطلب نہیں ہے کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم اس بات سے انکار نہیں کرسکتے کہ افغانستان میں القاعدہ کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں اور ہم اس بات سے بھی انکار نہیں کرسکتے کہ بہتر مستقبل کے خواہاں افغان شہری ہماری مدد کر رہے ہیں، اسی لیے ہم نہ صرف افغان فوج کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، بلکہ ہم کابل میں مضبوط حکومت کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری