پاکستان بھر میں ہفتہ وحدت مسلمین جوش و جذبے سے منایا جائے گا، علامہ احمد اقبال

خبر کا کوڈ: 1262950 خدمت: اسلامی بیداری
سید احمد اقبال رضوی

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے امت مسلمہ کے درمیان 2 فی صد فروعی اختلافات کو بھلا کر 98 فیصد مشترکات کو سامنے رکھ کر باہمی اتحاد کے لئے کوششوں پر تاکید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 12 ربیع الاول سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت مسلمین کے طور پر منایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا احمد اقبال رضوی نے اعلان کیا ہے کہ 12 ربیع الاول سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت مسلمین کے طور پر منایا جائے گا۔ ایم ڈبلیوایم جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کرے گی جبکہ مجلس کے کارکنان شہر کے مختلف مقامات پر عید میلادالبنی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شرکاء کے لئے استقبالیہ کیمپ بھی لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرورکائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس امت مسلمہ کے لئے اتحاد کا مرکز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ اپنے باہمی اتحاد کے ذریعے ملک دشمن طاقتوں کو شکست دے سکتی ہے۔

علامہ احمد اقبال نے مزید کہا کہ فرقہ واریت اور انتہا پسندی کو فروغ دینے والے دراصل اسلام دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، اسلام امن محبت اور بھائی چارے کا دین ہے، ہمیں اپنے 2 فی صد فروعی اختلافات کو بھلا کر 98 فیصد مشترکات کو سامنے رکھ کر باہمی اتحاد کے لئے کوشش کرکے اتحاد بین المسلمین کے عملی نمونے کو اجاگر کرنا ہوگا، استعماری طاقتیں ہمیں باہمی اختلافات میں الجھا کر اسلام کے روشن چہرے کو مسخ کرنے کے درپے ہیں، ایسے میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور دانشوروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی فضاء کو قائم کرکے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادے۔

علامہ احمد اقبال نے ایبٹ آباد میں پی آئی اے حادثے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت و اظہار ہمدردی اور جان بحق افراد کی مغفرت کے لئے دعا کی۔

یاد رہے کہ امام خمینی نے سنی شیعہ اتحاد کے لئے ہفتہ وحدت مسلمین کو باضابطہ طور پر منانے کا اعلان کیا تھا اور تب سے ان کے چاہنے والے ہر سال ماہ ربیع الاول میں بارہ تا سترہ تاریخ اس ہفتے کی مناسبت سے جشن مناتے ہیں۔

    تازہ ترین خبریں