ایران کی صہیونیوں کی نئی آبادکاری کی شدید مذمت


ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صہیونیوں کی جانب سے آبادکاریوں سے متعلق نئی منصوبہ بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومتوں، اقوام متحدہ اور متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں سے درخواست کی ہے کہ لفظی مذمت اور بیان بازیوں پر اکتفا نہ کریں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے صہیونیوں کی جانب سے غزہ کی پٹی پر آبادکاری کے نئے منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ناجائز صہیونی حکومت جو فلسطینی سرزمین پر مشلط کی گئی ہے، کی نوعیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی: صہیونیوں کی جانب سے آبادکاری کا نیا منصوبہ بین الاقوامی بالخصوص "بین الاقوامی انسانی حقوق" اور "بین الاقوامی انسان دوستانہ قانون" کے مکمل برعکس ہے لہٰذا اس جرم کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنی چاہئے۔ 

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ نئی آبادکاری فلسطینیوں کی حق خودارادیت میں بڑی رکاوٹ ہے اور جہاں تک اس حق کا تعلق ہے کہ عالمی سطح پر جانا جائے، تمام حکومتوں اور بین الاقوامی تنظیموں پر فرض ہے کہ صہیونی حکومت کو بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد کے سلسلے میں مجبور کرنے کے لئے ہر قسم کے حربے استعمال کریں۔

ترجمان نے حکومتوں، اقوام متحدہ اور متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں سے درخواست کی کہ بیان بازیوں پر اکتفا نہ کریں اور معاملے میں مداخلت کرکے غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے آبادکاری کے نئے منصوبے پر مبنی غیر انسانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کریں۔