گلگت بلتستان وومن ٹریفکنگ سکینڈل کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا حکم


گلگت بلتستان وومن ٹریفکنگ سکینڈل کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا حکم

وومن ٹریفکنگ سیکنڈل کی تحقیقات کیلئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیدیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، وومن ٹریفکنگ سیکنڈل کی تحقیقات کیلئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیدیا۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ممبران میں ڈی آئی جی گلگت، ڈائریکٹر آئی بی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے ساتھ آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے شامل ہونگے جو 15 روز تک تحقیقات کرکے حقائق حکومت کو پیش کرینگے۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن نے اسپیکر جی بی اسمبلی فدا محمد ناشاد کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا لیکن اسپیکر فدا ناشاد کے انکار کی وجہ سے اس کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا۔

عوامی سطح پر سیکنڈل کی تحقیقات کامطالبہ روز بروز زور پکڑتا جارہا ہے اس سلسلے میں پچھلے دنوں سول سوسائیٹی کی طرف سے پریس کلب گلگت میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو اس تحقیقاتی کمیٹی کے نوٹیفکیشن کو جاری کرنے کا حکم ملا ہے تاہم چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی جانب سے کوئی نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ ہوسکا ہے۔

یاد رہے کہ انگریزی روزنامہ ڈیلی ٹائمز کے رپورٹر شبیر سہام نے اس سیکنڈل کا انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سیکنڈل میں گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی اور جی بی کونسل کے اراکین بھی ملوث ہیں، جس پر علاقے کے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور اس غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث کرداروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری