پنجاب میں دھند کے باعث حادثات میں 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

خبر کا کوڈ: 1264473 خدمت: پاکستان
دھند

پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، شجاع آباد میں کار نہر میں گرنے سے 6، وہاڑی میں ٹرالی کی ٹکر سے 2 ، سلانوالی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی حادثات میں 4 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اطلاعات کے مطابق، شجاع آباد میں شدید دھند کے باعث کالی پل کے قریب ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ نہر سے تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ بد قسمت خاندان ملتان سے شجاع آباد آ رہا تھا۔

کالا پل کے قریب نہر میں گاڑی گرنے سے ملک مختیار کونسلر، انکے دو بھائیوں اور بھانجے سمیت چھ افراد جان بحق ہوئے ہیں۔

ایک اور حادثہ وہاڑی کے قریب پیش آیا جہاں ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

سلانوالی کے قریب دھند کے باعث سرگودھا روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار دو بھائیوں کو کچل دیا جس سے دونوں ہی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی دو مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ شدید دھند کے باعث نارووال میں بھی بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں 4 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری