پیکر رحمت و محبت کے ماننے والوں کا آپس میں دشمنی و عداوت میں مبتلا ہونا افسوس ناک ہے


پیکر رحمت و محبت کے ماننے والوں کا آپس میں دشمنی و عداوت میں مبتلا ہونا افسوس ناک ہے

ڈویژنل صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان فیصل آباد نے افسوس کے ساتھ کہا ہے کہ رحمت و محبت کے پیکر کے ماننے والوں کا آپس میں دشمنی و عداوت میں مبتلا ہونا افسوس ناک ہے، ہمارا مقصد اتحاد بین المسلمین ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ڈویژنل صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان فیصل آباد عدیل شجاع نے کہا ہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ذات باعث اتحاد و وحدت ہے، رحمت و محبت کے پیکر کے ماننے والوں کا آپس میں دشمنی و عداوت میں مبتلا ہونا افسوس ناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان فیصل آباد ڈویژن کے صدر کا 12 ربیع الاول کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ذات باعث اتحاد و وحدت ہے، عرب کے قبائل آپس میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر جنگوں میں مبتلا تھے، دشمنیاں عروج پر تھیں مگر حبیب خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بعثت کے بعد دشمنیاں قربتوں میں بدل گئیں، جان کے دشمن ایک دوسرے کے محافظ بن گئے، مگر افسوس آج اسی رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ماننے والے بعثت سے پہلے والے زمانے میں لوٹتے نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: وہ پاک ذات جو باعث رحمت و محبت، اتحاد و وحدت ہے ان کی ذات پہ اختلافات کا بازار کیوں گرم ہے؟ رحمت و محبت کے پیکر کے ماننے والے آپس میں دشمنی و عداوت میں مبتلا کیوں ہیں؟

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان فیصل آباد ڈویژن کے صدر نے کہا کہ آئیں اسی ذات کے نام پہ دوبارہ متحد ہو جائیں جماعتی و فرعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت کے امین بن کر دوبارہ محبت و الفت کی خوشبو نچھاور کریں، دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کے یہ ثابت کریں کہ ہمارا مقصد اتحاد بین المسلمین ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری