کیا اسرائیل کشمیر کی فلم کے لیے اپنا طیارہ پاکستان کے حوالے کرے گا؟؟؟


کیا اسرائیل کشمیر کی فلم کے لیے اپنا طیارہ پاکستان کے حوالے کرے گا؟؟؟

چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ نے پی آئی اے کے طیارے کو اسرائیلی فلم کی شوٹنگ کے لیے مالٹا بھیجنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کے اعلیٰ حکام نے اس طیارے کو اسرائیلی پروپیگنڈا میں استعمال کیا ہے لیکن کیا اسرائیل کشمیر کی فلم کے لیے اپنا طیارہ پاکستان کے حوالے کرے گا؟

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، پی آئی اے کے طیارے کی فروخت کے معاملہ پر پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ قائم مقام جرمن ایم ڈی پی آئی اے کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور پی آئی اے طیارے کو فروخت کرنیوالوں کو گرفتار کیا جائے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ پی آئی اے کا طیارہ 53 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا ہے۔ ایم ڈی پی آئی اے نے حکومتی اجازت کے بغیر طیارے کو جرمنی کو فروخت کیا گیا ہے۔ پی آئی اے کا طیارہ ٹینڈر کھلنے سے قبل ہی جرمنی کو فروخت کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کا یہ طیارہ قابل پرواز تھا، جسے پرواز کا سرٹیفیکٹ بھی دیا گیا تھا۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پی آئی اے کے طیارے 310 کی مارکیٹ ویلیو کئی ملین ڈالرز ہے مگر قائم مقام جرمن سی ای او پی آئی اے ہیلڈین برینڈ  نے اسے اونے پونے داموں فروخت کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے طیارے کو اسرائیلی فلم کی شوٹنگ کے لیے مالٹا بھیجا گیا، اگر طیارہ ناکارہ تھا تو اسے مالٹا تک پرواز کا سرٹیفکیٹ کس نے دیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پی آئی اے کے اعلیٰ حکام نے اس طیارے کو اسرائیلی پروپیگنڈا میں استعمال کیا ہے لیکن کیا اسرائیل کشمیر کی فلم کے لیے اپنا طیارہ پاکستان کے حوالے کرے گا؟

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ طیارے کو ٹینڈر کے بغیر فروخت کرنے پر قائم مقام جرمن سی ای او پی آئی اے کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور پی آئی اے طیارے کو فروخت کرنیوالوں کو گرفتار کیا جائے، تحقیقات کی جائیں کہ طیارہ بغیر ٹینڈر کے کس طرح فروخت کیا گیا ہے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پی آئی اے آزاد ہوچکی ہے پی آئی اے میں چیک اینڈ بیلنس کا کوئی نظام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پی آئی اے کے طیارے کی فروخت کے خلاف سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرارہی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری