ایران تکفیریوں کے مکمل خاتمے تک شامی حکومت اور عوام کے ساتھ رہیگا


ایران تکفیریوں کے مکمل خاتمے تک شامی حکومت اور عوام کے ساتھ رہیگا

ایرانی صدر روحانی نے اپنے شامی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اطمینان دیا ہے کہ تکفیری دہشتگردوں کے خاتمے تک ایران شامی حکومت اور عوام کے ساتھ تعاون کو جاری رکھے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم نے ایران کے صدارتی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ حجت الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے اپنے شامی ہم منصب بشار اسد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کہا: ایران دہشتگردوں سے مقابلے کے علمبرداروں جو اپنی سرزمین سے تکفیریوں کو نکال باہر کرنے کی کوششیں کرتے ہیں، کی حمایت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔

صدر روحانی نے وضاحت کی: اسلامی جمہوریہ ایران شام سے دہشتگردوں کے انخلاء تک شامی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

ایرانی صدر نے حلب میں شامی فوج کی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے بشار اسد سے کہا: شام کے دوسرے بڑے شہر حلب کی آزادی شام کی متحد اور مقاوم قوم اور ان کے حامیوں کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج عالمی برادری کا فرض بنتا ہے کہ شام کے مظلوم عوام کی مدد کرے۔ میں نے ایران کے ہلال احمر کمیٹی سے درخواست کی ہے کہ وہ عالمی برادری کو دعوت دیکر شام کے مظلوم عوام کی مدد کے لئے کوششوں کا آغاز کرے۔

صدر روحانی نے شامی عوام کو انسان دوستانہ امداد بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا: موجودہ صورتحال کے پیش نظر شامی عوام کی مدد نہایت ضروری ہے اور وہ وقت آگیا ہے کہ تمام حامی ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیمیں شامی عوام کی مدد کو پہنچیں جبکہ عالمی برادری کا بھی اس سلسلے میں اولین فریضہ بنتا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ حلب کی فتح شامی عوام کی ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف جیت کا مقدمہ ہے۔

اس موقع پر شامی صدر نے ایران کی جانب سے دہشتگردوں کے مقابلے میں شامی حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا: ایرانی حکومت اور عوام شامی حکومت اور عوام کے ساتھ مشکل ترین وقت میں کھڑے رہے اور یہ امر ہمارے لئے ناقابل فراموش ہے۔

بشار اسد نے ایران کی جانب سے شامی عوام بالخصوس حلب کے لئے اعلان کئے گئے انسان دوستانہ امداد کا خیرمقدم کیا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری