انڈونیشیا میں طیارہ گر کر تباہ، 13 افراد ہلاک

خبر کا کوڈ: 1270324 خدمت: دنیا
انڈونیشیا طیارہ

انڈونیشیا میں کارگو طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس وجہ سے طیارےمیں سوار 13 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والے افراد میں 3 جہاز کے پائلٹ اور 10 فوجی اہلکار تھے۔

خبر رساں ادارے تسنیم نے ڈان نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق ایئرفورس کا ہرکولس سی 130 طیارہ انڈونیشیا کے صوبے پاپوا میں گر کر تباہ ہوا، طیارے میں کھانے پینے کی اشیاء منتقل کی جا رہی تھیں، طیارے میں 3 پائلٹ اور 10 فوجی اہلکار سوار تھے۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایئرفورس کے چیف آف اسٹاف آگسٹ سپریانتا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث طیارہ حادثے کاشکار بنا۔

فوجی طیارہ انڈونیشیا کے شہر ٹمیکا سے ومینا جاتے ہوئے اپنی منزل کے قریب ہی راستے میں پہاڑی علاقے میں اتوار کی صبح گرکر تباہ ہوا۔

خبر رساں ادارے رائیٹرز سے بات کرتے ہوئے انڈونیشیا کے ادارے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنل کے ڈائریکٹر آئیون احمد رسکی ٹائٹس نے کہا کہ ملبے اور لاشوں کو ومینا منتقل کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ انڈونیشیا میں اس سے پہلے بھی فضائی حادثات ہوتے رہے ہیں، اس سے قبل گزشتہ جون میں بھی انڈونیشیا کی فضائیہ کا ایک طیارہ سماٹرا جزیرے کے شہر مدان کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا تھا، جس وجہ سے طیارے میں سوار تمام 116 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

رواں برس مارچ میں بھی انڈونیشیا کا ایک فوجی جہاز وسطی علاقے سولاویسی کے ضلع پوسو کے ایک گاؤں میں گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں سوار 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

انڈونیشیا میں فوجی جہاز تباہ ہونے کا ایک اور حادثہ رواں برس جولائی میں پیش آیا تھا، نیشنل آرمی کا طیارہ صوبے جاوا کے مرکزی شہر یوگویاکرتا کے شمال کی طرف مضافات میں گر کر تباہ ہوا تھا جس وجہ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری