قطری شہزادوں کو تلور کے شکار کیلئے زمین الاٹ کرنا عوام کے ساتھ ظلم ہے


قطری شہزادوں کو تلور کے شکار کیلئے زمین الاٹ کرنا عوام کے ساتھ ظلم ہے

چیئرمین ضلع کونسل کچھی سردارزادہ میر سردار خان رندنے کہا ہے کہ شوران سمیت گردونواح میں قطر کے شہزادوں کو کسی صورت لوگوں کی زمینوں کو تباہ برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے قطری شہزادوں کو شوران و گردونواح میں تلور کے شکار کیلئے زمین الاٹ کرنا مقامی قبائلی عوام کے ساتھ ظلم ہے جو ہم کبھی برادشت نہیں کریں گے

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین ضلع کونسل کچھی سردارزادہ میر سردار خان رندنے کہا ہے کہ شوران سمیت گردونواح میں قطر کے شہزادوں کو کسی صورت لوگوں کی زمینوں کو تباہ برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے قطری شہزادوں کو شوران و گردونواح میں تلور کے شکار کیلئے زمین الاٹ کرنا مقامی قبائلی عوام کے ساتھ ظلم ہے جو ہم کبھی برادشت نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رند قومی اتحاد کے مرکزی ترجمان میر حبیب الرحمن رند، ملک عارف علی بھی موجود تھے۔

رند قومی اتحاد کے مرکزی چیئرمین سردار زادہ میر سردار خان رند نے کہا کہ شوران کوٹ معری، سرقندھار ایسبانی، شاہیجہ کوٹ، ناخیزئی کوٹ، زامیزئی تنسیہ سانچ میں عوام کو صحت بجلی گیس کی سہولیات تک میسر نہیں لوگوں کی معاشی زندگیاں زراعت پر بسر ہوتی ہیں اور کئی کئی سال بعد ان کی زمینیں آباد ہوتی ہیں۔ گزشتہ چار سال کے بعد رواں سال لوگوں کی فصلوں کی پیداوار ہوئی اور اب ان کی کٹائی کا کام شروع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قطری شہزادوں کو شکار کیلئے زمین الاٹ کی گئی جس سے مقامی زمینداروں کی فصلات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ قطری شہزادے اپنے ساتھ کئی کئی گاڑیاں لاتے ہیں اور تیار فصلوں کو روند کر تباہ و برباد کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گور گندم کی سینکڑوں ایکٹر پر پیداوار ہوئی جو تباہ وبرباد ہوگئی جس سے مقامی زمینداروں کو اربوں کا نقصان ہوا ہم اپنے علاقہ میں کسی صورت شکار کی اجازت نہیں دیں گے۔

چیئرمین ضلع کونسل کچھی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت غریب کاشتکاروں اور مقامی قبائلی کا استحصال کررہے ہیں سازش کے تحت ان علاقوں کو مزید پسماندگی کا شکار بنایا جارہا ہے۔

چیئر مین ضلع کونسل کچھی سردار زادہ میر سردار خان رند نے کہا کہ حکومت ایک جانب شکار پر پابندی لگاتی ہے جب مقامی لوگ پرندوں کا شکار کرتے ہیں تو ان پر بھاری جرمانے لگائے جاتے ہیں قطری شہزادوں کو خوش کرنے کیلئے شکار کی اجازت دی گئی جو مقامی لوگوں کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر قطری شہزادوں کوشکار کیلئے زمینوں کی الاٹ منٹ منسوخ کرے بصورت دیگر بلوچستان کے کونے کونے سے احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے جس کی تمام ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری