پاکستان کا ترکی، ایران چین و دیگر ممالک سے فلمیں امپورٹ کرنے کا فیصلہ


پاکستان کا ترکی، ایران چین و دیگر ممالک سے فلمیں امپورٹ کرنے کا فیصلہ

پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش ہنوز تعطل کا شکار ہونے کی بنا پر پاکستانی فلمسازوں، فلم امپورٹرز اور سینما مالکان ہالی ووڈ موویز کے بعد ترکی، ایران اور چین سے فلمیں امپورٹ کرنے کی حکمت عملی ترتیب دینے میں مصروف ہو گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش ہنوز تعطل کا شکار ہونے کی بنا پر پاکستانی فلمسازوں ، فلم امپورٹرز اور سینما مالکان ہالی ووڈ موویز کے بعد ترکی ، ایران اور چین سے فلمیں امپورٹ کرنے کی حکمت عملی ترتیب دینے میں مصروف ہو گئے۔

کہا جارہا تھا کہ عامر خان کی نئی فلم دنگل کی نمائش کے لئے خصوصی طور پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ معاشی طور پر کمزور ہوتی ہوئی سینما انڈسٹری کو استحکام ملے گا ان تما م امیدوں کے چراغ گل ہونے کے بعد ملکی فلمسازوں، فلم امپورٹرز اور سینما مالکان نے ملک میں سینما انڈسٹری میں جاری اربوں روپے کی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو استحکام دینے کے لئے ترکی، ایران، چین اور دیگر ممالک کی فلمیں ڈب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر کئی اداروں نے ترکی و ایرانی ڈراموں کی آڑ میں فلمیں بھی درآمد کر لی ہیں جس کو ڈب بھی کر کے رکھا ہوا ہے۔

ملکی فن کاروں نے ان فلموں کی ڈبنگ اردو میں کروا کر شائقین فلم کے لئے تفریح کا بندوبست کردیا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے ایران، ترکی اور چین کے ثقافتی دوروں کی منصوبہ بندی کرلی ہے اس دوران وہ ان کی فلمیں پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کرنے کا جائزہ بھی لیں گے اس حوالے سے گزشتہ دنوں ہدایت کار سید نور چین گئے اور وہاں فلم سازی کے حوالے سے اور ان کی فلمیں پاکستان میں ریلیز کرنے کا بھی جائزہ لیا۔

معروف امپورٹرز اور ڈسٹری بیوٹر شیخ امجد رشید نے بھی چین سے فلمیں منگوانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ جمعہ کو چین کا 10 روزہ دورہ کر کے لوٹے ہیں وہ چین سے فلمیں منگوا کر ڈب کر کے سینما گھروں میں نمائش کے خواہش مند ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے دیگر فلمسازوں نے بھی تجارتی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی فلموں کے بجائے چین کے ساتھ مشترکہ فلمسازی کے منصوبے بنانے کی تیاریاں شرو ع کر دی ہیں جس کے لئے وہ سرکاری طور پر سپورٹ بھی چاہتے ہیں۔

واضح رہے ماضی میں لیجنڈ اداکار سدھیر کی فلم باغی، غلام محی الدین و بابرہ شریف کی فلم میرا نام ہے محبت چین میں کئی برس تک نمائش پذیر رہی اسی طرح روس میں لیجنڈ اداکار محمد علی اور شمیم آرا کی فلم صاعقہ بھی کئی برس تک نمائش پذیر رہی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری