چین میں کمیونسٹ پارٹی کے دفتر پر حملہ، 5 افراد ہلاک


چین میں کمیونسٹ پارٹی کے دفتر پر حملہ، 5 افراد ہلاک

چین کے مغربی صوبے سنکیانگ میں سرکاری عمارت پر ہونے والے حملے میں 4 حملہ آورروں سمیت کم سے کم 5 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، چین کے مغربی صوبے سنکیانگ میں سرکاری عمارت پر ہونے والے حملے میں 4 حملہ آورروں سمیت کم سے کم 5 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چین کے مغربی صوبے میں متعدد حملہ آور سرکاری عمارت میں دھماکا خیز مواد سے بھری کار سمیت داخل ہوئے، جہاں کار کو زور دار دھماکے سے اڑا دیا گیا جبکہ فورسز نے کارروائی کے دوران 4 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ کچھ سالوں کے دوران وسطی ایشیا سے منسلک چین کے صوبے سنکیانگ میں مقامی مسلم یوغور قبائل اور ملک میں اکثریت پر مشتمل ہان چینیوں کے درمیان کشیدگی میں سیکڑوں لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔

چین کی حکومت نے مذکورہ کشیدگی کی ذمہ داری عسکریت پسندوں پر عائد کی ہے، جبکہ انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا تھا کہ خطے پر چین کا کنٹرول اور یوغور کی ثقافت کشیدگی کا باعث ہے، ادھر چین نے سنکیانگ میں کسی بھی قسم کے دباؤ کی تردید کی ہے۔

واقعے کے حوالے سے سنکیانگ حکومت نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ واقعہ کاراکیس کاؤنٹی میں پیش آیا جو سنکیانگ کے جنوب میں واقعہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ چار 'بد معاشوں' نے کاؤنٹی کمیونسٹ پارٹی کے آفس میں ایک گاڑی داخل کی اور اسے دھماکے سے اڑا دیا، تاہم سب کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔

واقعے میں ایک شخص ہلاک اور دیگر 3 زخمی ہوگئے، بیان میں اس سے زائد تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

حکومت کا کہنا تھا کہ 'اس وقت مقامی امن و امان کی صورت حال مستحکم ہے'۔

اس کے علاوہ شن ہوا نامی نیوز ایجنسی نے ایک علیحدہ رپورٹ میں واقعے کو دہشت گردی کا حملہ قرار دیا، جبکہ انھوں نے حکومت کی فراہم کردہ معلومات میں اضافہ نہیں کیا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری