پی ٹی آئی کو مغربی ایجنڈے کے تحت کے پی کے کا اقتدار سونپا گیا، جمعیت علماء اسلام


پی ٹی آئی کو مغربی ایجنڈے کے تحت کے پی کے کا اقتدار سونپا گیا، جمعیت علماء اسلام

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو مغربی ایجنڈے کے تحت کے پی کے کا اقتدار سونپا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما اور سینٹر مولانا عطاء الرحمان اور جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمودسومرو نے دورہ ہنگو کے موقع پر مدرسہ مفتاح العلوم ہنگو میں سینیئر صحافی میاں سیف الاسلام کاکاخیل کی صاحبزادی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو مغربی ایجنڈے کے تحت کے پی کے کا اقتدار سونپا گیا۔ عمران خان نے سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا ہے۔ صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی صفر سے بھی نیچے ہے۔ پی ٹی آئی وزرا اور اراکین اسمبلی ماضی کے حکومتوں پر تختیاں لگانے میں مصروف ہے۔ انصاف کے دعویدارکرپشن اقربا پروری، لوٹ مار کے ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔ جمعیت ایک نظریے کا نام ہے۔مادر پدر آزادی کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ جاوید ہاشمی سنجیدہ اور حق کے علمبردار ہیں۔ کپتان کے بارے میں ان کے انکشافات پر تحقیقات ہونی چاہیے۔زرداری کی پاکستان آنے سے سیاست میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

اس موقع پرجے یو آئی ضلعی امیر مفتی دین اظہر حقانی،ناظم عمومی مولانا رحمت اللہ زار،صوبائی سیکرٹری مالیا ت مولانا عزیز احمد اشرفی،حاجی ضیاء الاسلام کاکاخیل،حاجی نیاز بادشاہ،حافظ ابرار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنیٹر مولانا عطا الرحمان اور مولانا راشد محمودسومرو نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی حکومت پی ٹی آئی کو مغربی ایجنڈے کے تحت دی گئی۔ ہم روز اول سے کہتے رہے ہیں کہ کپتان کو مغرب نے مسلط کیا ہے جس کا مقصد اسلامی قدروں کو نقصان پہنچا کر مادر پدر آزاد معاشرہ قائم کرنا ہے مگر جمعیت اسلام پاکستان کے خلاف سازشیں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت مرکزی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے بھی اقدار اور نظریات کی سیاست کر رہی ہے۔سی پیک منصوبہ ملکی خوشحالی کا ضامن ہے جس کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ایم ایم ایم اے دورحکومت کی ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگا رہی اور ایم ایم اے دور حکومت میں منظور شدہ ہنگو ہسپتال سے حافظ فخر الاسلام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کا نام بھی تبدیل کر دیا ہے۔

مولانا عطاء الرحمان اور مولانا راشد سومرو نے کہا کہ پی ٹی آئی جو سیاست میں طوفان بد تمیزی کا کلچر متعارف کرا رہی ہے اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شفافیت، میرٹ اور انصاف کے نعرے لگاتے ہوئے کرپشن کے ریکارڈ توڑ رہی ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی صفر سے بھی نیچے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ آصف علی زرداری سیاست کے پرانے کھلاڑی ہیں مگر روٹی کپڑا مکان کا نعرہ ابھی تک سیاسی نعرہ ہی ہے جبکہ جماعت اسلامی پی ٹی آئی کے ہر گناہ میں برابر شریک ہے اور پی ٹی آئی نے اپنے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی کی سیاست کا بھی جنازہ نکال دیا ہے۔

سینٹر مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ سنیئر سیاستدان جاوید ہاشمی کے الزامات وزن رکھتے ہیں اور ہمارے موقف کی تائید کرتے ہیں دھرنے کی سیاست کا دھرن تختہ ہو چکا ہے اور اب پی ٹی آئی کی سیاست صرف اور صرف لوٹ مار، نازیبا اور ناشائشتہ زبان، بہتان تراشی، الزام تراشی اور کردار کشی تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

ھنگو دورے کے دوران جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں مولانا عطاء الرحمان اور حافظ راشد سومرو نے جامعہ دار السلام کاہی میں ضلع ناظم مفتی عبید اللہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے بھائی کی وفات اور ھنگو پریس کلب کے صدر میاں سیف السلام کاکا خیل کی دختر کی وفات پر بھی فاتحہ خوانی کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری