شیعہ سنی تنظیموں کی جانب سے المحمدیہ اسٹوڈنٹس پاکستان کیخلاف امریکی پابندی مسترد/ ملک گیر احتجاج کا اعلان


شیعہ سنی تنظیموں کی جانب سے المحمدیہ اسٹوڈنٹس پاکستان کیخلاف امریکی پابندی مسترد/ ملک گیر احتجاج کا اعلان

متحدہ طلباء محاذ سمیت مختلف شیعہ سنی تنظیموں نے المحمدیہ اسٹوڈنٹس پاکستان پر لگائے جانے والے امریکی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، لاہور پریس کلب میں متحدہ طلباء محاذ کے نائب صدر محمد راشد نے دیگر طلباء تنظیموں کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس میں انجمن طلباء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد اکرم رضوی، اسلامی تحریک طلباء کے چیئرمین غلام عباس، جمعیت طلباء اسلام (ف) کے مرکزی صدر عبدالرحمن، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی رہنما وسیم کربلائی اور اسلامی جمعیت طلباء کے مرکزی رہنما عرفان حیدر سمیت دیگر طلباء تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد راشد نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے المحمدیہ اسٹوڈنٹس پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ المحمدیہ اسٹوڈنٹس ملک بھر میں طلباء کو لسانی اور مسلکی تعصبات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے پرچم تلے جمع کر رہی ہے اور اسی وجہ سے یہ تنظیم پاکستان کے دشمنوں کو کھٹکٹی ہے۔

دوسری جانب، المحمدیہ سٹوڈنٹس نے امریکہ کی جانب سے پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا جس کے تحت جمعرات کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

احتجاجی مظاہروں میں المحمدیہ سٹوڈنٹس سمیت متحدہ طلباء محاذ میں شامل طلباء تنظیموں کے رہنماء اور دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے اس امر کا اعلان المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مسؤل محمد راشد نے گزشتہ روز کیا۔

المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسؤل محمد راشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی طرف سے ہم پر لگائے جانے والے الزامات سراسر بے بنیاد ہیں۔

المحمدیہ سٹوڈنٹس لسانی، مسلکی اور صوبائی تعصبات سے پاک محب الوطن طلبا تنظیم ہے جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو تعلیمی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ہم ملک بھر میں نوجوانوں کو نظریہ پاکستان کی بنیاد پر تربیت دے رہے ہیں۔

امریکہ کی طرف دہشتگردی کا الزا م عائد کرنا اور پابندی کا اعلان تعلیم دشمنی ہے۔ ہم اس کے خلاف ملک میں احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ خود دنیا میں داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کو پروان چڑھارہاہے لیکن دوسری جانب تعلیم دوست طلبا تنظیموں پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں؟

المحمدیہ سٹوڈنٹس ملک بھر میں طلبا کو لسانی اور مسلکی تعصبات سے بالاتر ہوکر پاکستانی پرچم تلے جمع کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ یہ تنظیم بھارت اور امریکہ کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے۔ ہمارے اس تعمیر وطن کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے ہم پر یہ پابندیاں لگائی جارہی ہیں لیکن ہم امریکہ کی ان پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتے۔

محمد راشد نے کہاکہ لشکر طیبہ ایک کشمیری جماعت ہے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ امریکی انتظامیہ نے محض بھارت کو خوش کرنے کے لیے کشمیری جماعت کا سہارا لے کر ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی ہے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس اپنا کام بھرپور طریقے سے جاری رکھے گی اور اسی طرح نوجوانوں کو ملک بھر میں پاکستان کے لیے اپنی صلاحیتیں استعمال کرنے پر ابھارتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ المحمدیہ سٹوڈنٹس ملک بھر میں نظریہ پاکستان کے سیمینارز کا انعقاد کرواتی ہے۔ان سیمینارز کا مقصد نوجوانوں میں نظریہ پاکستان کے حوالے سے آگہی پھیلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ المحمدیہ سٹوڈنٹس نوجوانوں کو شدت پسندی سے دور رکھتے ہوئے نظریہ پاکستان سے جوڑنے کے لیے سرگرم ہے۔ نوجوانوں کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کرنے میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کا بہت اہم کردار ہے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس ملک گیر جماعت ہے اور کراچی سے گلگت بلتستان تک بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہے۔ بلوچستان میں ملک دشمن طاقتوں کو مدد فراہم کرنے والوں کو المحمدیہ سٹوڈنٹس کا کردار کھٹکتا ہے۔ہم پورے بلوچستان میں بھارت اور امریکہ کے ایجنٹوں کی طرف سے پھیلائے گئے پروپیگنڈا کا توڑ کرنے میں مصروف ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری