گلگت بلتستان میں شدیدسردی، بجلی غائب، مواصلاتی نظام درہم برہم


گلگت بلتستان میں شدیدسردی، بجلی غائب، مواصلاتی نظام درہم برہم

گلگت بلتستان کے دوسرے بڑے شہر اسکردو کے لئے بجلی کی ترسیل بند کردی گئی ہے علاقہ شدید سردی کی لہر میں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات برداشت کرنا پڑ رہی ہیں۔

تسنیم نیوز نے علاقائی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چند دنوں سے گلگت بلتستان میں نہایت سخت سردی کی وجہ سے بجلی کا استعمال بڑھ گیا تھا۔

حکومت نے گلگت بلتستان کے دوسرے بڑے شہر اسکردو میں بجلی کی ترسیل بند کردی ہے۔

  حکام کا کہنا ہے کہ واپڈا پاور ہاؤسز کی مرمت کے لئے بجلی  کی سپلائی بند کردی گئی ہے۔

اسکردو سمیت تمام مضافاتی علاقوں میں بجلی نہ ہونے کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔

محکمہ برقیات کے اعلامیے کے مطابق اسکردو اور اس کے مضافاتی علاقوں کو تین روز تک بجلی نہیں ملے گی۔

علاقے کے مکینوں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا ہے اور گھروں میں فاقے پڑنے کا خطرہ ہے کیونکہ بجلی بند ہونے کی وجہ سے چولہے بھی بند ہوگئےہیں۔

بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مواصلاتی نظام بھی مکمل طور پر بند ہوگیا ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ کسی قسم کا کوئی رابطہ ممکن نہیں ہے۔

بجلی کی سپلائی معطل ہونے کی وجہ سے تاجروں کو بھی سخت دشواریاں پیش آرہی ہیں۔

شہریوں اور تاجروں کا  کہنا ہے  کہ سخت سردی کے موسم میں  پاور ہائوسز کی صفائی اور مرمت کے نام پر اسکردو اور مضافاتی علاقوں میں تین تین روز تک بجلی بند رکھنا غیرقابل فہم ہے۔

شہریوں نے حکومت گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسکردو شہر اور مضافاتی علاقوں کو بجلی کی سہولت فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع استور، اسکردو اور مضافاتی علاقوں میں  گزشتہ تین دن سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

برف باری نے مقامی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں تو کچھ علاقوں میں خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری