سابق ایرانی صدر امام خمینی کے شاگرد اور قابل اعتما د ساتھی تھے، آیت اللہ سیدریاض حسین نجفی


سابق ایرانی صدر امام خمینی کے شاگرد اور قابل اعتما د ساتھی تھے، آیت اللہ سیدریاض حسین نجفی

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے کہا ہے کہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی حضرت امام خمینی کے شاگرد اور قابل اعتما د ساتھی تھے، جنہوں نے مملکت اسلامی کے تمام اہم سیاسی عہدوں پر کام کیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ قانون الٰہی کے مطابق انسان آزاد اور خود مختار پیدا ہوا ہے۔ مگر اس کے لئے اچھائی اور برائی کے راستے کی نشاندہی کردی گئی ہے۔ عقل وفکر کی صلاحیت اور نیکی بدی کا ادراک انسانی فطرت میں شامل کرکے اسے اشرف المخلوقات بنا یا گیا۔ تزکیہ نفس کرنے والا کامیاب اور خواہشات کا غلام ناکام ہے۔ ضرورت مندوں کی مدد ایسے کریں کہ ا نہیں شرمندگی نہ ہو۔

علی مسجد جامعتہ المنتظر میں خطبہ جمعہ میں سابق ایرانی صدر آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی حضرت امام خمینی کے شاگرد اور قابل اعتماد ساتھی تھے، جنہوں نے مملکت اسلامی کے تمام اہم سیاسی عہدوں پر کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ سورہ مبارکہ الشمس میں ذکر کیا گیا ہے کہ نفس انسانی کو برائیوں اور تقویٰ و پرہیز گاری کے بارے میں الہام کردیا گیا ہے ۔ کامیاب وہی ہے، جس نے اپنا تزکیہ نفس کیا، جبکہ خواہشات انسانی کی اطاعت کرنے والا ناکام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھائی کا اجر و ثواب اس دنیا اور اگلے جہاں میں بھی ملتا ہے۔ دنیا وی زندگی کم جبکہ آخرت جاودانی ہے، اس لئے اجر و ثواب بھی اگلے جہاں میں جاودانی ہوگا۔

آیت اللہ ریاض نجفی نے کہا کہ عقل و فکر کی صلاحیت کی بنیا د پر انسان کو اشرف المخلوقات قراردیا گیا۔ لیکن انسان اپنی صلاحیتوں کا بہت کم استعمال کرتا ہے۔ تعلیمات اسلامی میں نیکی اور بھلائی کے کاموں کی تشویق دلائی گئی ہے چاہے انجام دینے والے کو فوری فائدہ نہ بھی ہو مگر اس کے لئے صدقہ جاریہ کے طور پر ضرور رہتا ہے، جیسے شجر کاری، یا دیگر فلاحی کام کہ جسے شروع کرنے والا شاید فائدہ نہ اٹھائے، مگر دوسرے لوگ ضرور مستفید ہوتے ہیں اور اسے اخروی زندگی میں اجر ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی، تعلیم اور دیگر ضروری کاموں میں ضرورت مندوں کی مدد کا حد درجہ ثواب ہے لیکن اس کے ساتھ ہی دین مبین نے ضرورت مند کی مدد کے آداب بھی بتائے ہیں کہ سائل کو شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تیسرے تاجدار امامت حضرت امام حسین علیہ السلام دروازے کی اوٹ سے مستحقین کی مدد کیا کرتے تھے تاکہ ان سے آمنا سامنا نہ ہو۔

سابق صدر اسلامی جمہوریہ ایران آیت اللہ علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے امام جمعہ علی مسجد نے کہا کہ مرحوم بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کے شاگرد اور قابل اعتما د ساتھی تھے۔ وہ صر ف سیاسی ہی نہیں، علمی اور سماجی شخصیت بھی تھے جنہوں نے مملکت اسلامی میں تمام اہم سیاسی عہدوں پر کام کیا۔ سابق ایرانی صدر صرف سیاستدان ہی نہیں، مفسر قرآن بھی تھے کہ جنہوں نے تفسیر قرآن اور دیگر کتب بھی تحریر کیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری