پاکستان میں تلور کا شکار کرنے والے عربوں پر دوسرا حملہ، تین اہلکار زخمی


پاکستان میں تلور کا شکار کرنے والے عربوں پر دوسرا حملہ، تین اہلکار زخمی

پاکستان میں تلور کا شکار کرنے والے قطری شہزادے کے قافلے پر حملے میں تین سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ تلور کا شکار کرنے والے عربوں کے قافلوں پر یہ دوسرا حملہ ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پنجگور کے بعد صوبہ بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے قطری شہزادے کے قافلے پر حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے قطری شہزادے کے قافلے پر فائرنگ کرکے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں قافلے کی حفاظت پر مامور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مجید دستی سمیت تین سیکورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

زخمی اہلکاروں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

حملے میں قطری شہزادہ محفوظ رہا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 20 مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پنجگور میں متحدہ عرب امارت سے شکار کیلیے آنے والے قافلے پر اس دن حملہ ہوا تھا جب 51 رکنی قطری وفد پاکستان پہنچ گیا تھا۔

ڈپٹی کمیشنر پنجگور کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ علاقے میں متحدہ عرب امارت سے شکار کیلیے آنے والے قافلے پر حملہ ہوا ہے۔

حملہ 2 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے کیا گیا تھا۔

حملہ آوروں نے 2 گاڑیوں پر فائرنگ کی تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری