قندھاربم دھماکہ؛ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ، سابق صدر کرزی کے چچازاد بھائی بھی چل بسے


قندھاربم دھماکہ؛ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ، سابق صدر کرزی کے چچازاد بھائی بھی چل بسے

گزشتہ ہفتے افغانستان کے شہر قندھار میں ہونے والے خودکش دھماکے میں سابق صدر حامد کرزی کے چچازاد بھائی بھی زخمی ہوئے تھے جو زخموں کی تاب نہ لاتےہوئے جاں بحق ہوگئے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ  ہفتے افغانستان کے شہر قندھار میں ہونے والے خودکش دھماکے میں سابق افغان صدر حامد کرزی کے چچازاد بھائی ہاشم خان کرزی شدید زخمی ہوئے تھے جنہیں علاج کے لئے ہندوستان منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق قندھار خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ قندھار میں ہونے والے خودکش حملے میں قندھار کے گورنر اور متحدہ عرب امارات کے سفیر بھی زخمی ہوئے تھے۔

طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قندھار دھماکہ کابل حکومت کی اندرونی اختلافات کا پیش خیمہ ہے، طالبان کا اس دھماکے سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔

کہا جاتا ہے کہ خودکش حملے میں متحدہ عرب امارات کے سفیر جمعہ الکعبی سمیت کئی دیگر افراد زخمی اور مارے گئے تھے۔

دھماکے کے بعد کابل میں موجود پاکستانی قونصلیٹ کے باہر افغان شہریوں نے پاکستان مخالف نعرہ بازی کرتے ہوئے اسلام آباد کو اس دھماکے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

مظاہرین نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے نشان کو نذر آتش کیا اور پاکستان مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

یاد رہے کہ جب بھی افغانستان میں کوئی سانحہ پیش آتا ہے تو اس کا ذمہ دار فوری طور پر پاکستان کو ٹہرایا جاتا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری