فلسطین کی جدوجہد آزادی ایک دن ضرور اپنی منزل پر پہنچے گی، میئر کراچی


فلسطین کی جدوجہد آزادی ایک دن ضرور اپنی منزل پر پہنچے گی، میئر کراچی

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فلسطین کی جدوجہد آزادی ایک دن ضرور اپنی منزل پر پہنچے گی، فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں وہاں کے لوگوں کا لہو شامل ہے، ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کراچی کی عوام فلسطین کی آزادی کے مطالبے میں فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔

 خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فلسطین کی جدوجہد آزادی ایک دن ضرور اپنی منزل پر پہنچے گی، فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں وہاں کے لوگوں کا لہو شامل ہے، ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کراچی کی عوام فلسطین کی آزادی کے مطالبے میں فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جس نے میئر کراچی کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

وفد میں رکن صوبائی اسمبلی محفوظ یار خان، علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ باقر زیدی، پیرزادہ اظہر علی شاہ ہمدانی، راجہ علی ایڈوکیٹ، بشیر القادری، سیکریٹری جنرل صابر ابو مریم اور میڈیا سیل انچارج علی احمر شامل تھے۔ سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی اور کراچی میں زیر تعلیم فلسطینی طلباء بھی اس موقع پر موجودتھے۔

اس موقع پر وفد کے ارکان نے میئر کراچی کو بتایا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور انہیں اس کا حق دیا جانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں رہتے ہوئے اور آئین و قانون کی پاسداری کرتے ہوئے فلسطین کو اس کا حق دلانے کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ علامہ باقر زیدی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو بھلایا نہیں جاسکتا، یہ ایک اہم مسئلہ ہے اور اس کا جلد حل نکالنا ہوگا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ارکان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے میں یہ کہوں گا کہ فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے کراچی کی آواز بھی اس میں شامل ہے، مسئلہ فلسطین کے جلد از جلد حل کے لئے آواز بلند کی جاتی رہنی چاہیئے۔

انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی یہ کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی اور اہلیان فلسطین کو ایک دن ضرور انصاف ملے گا۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن کے وفد کی طرف سے میئر کراچی وسیم اختر کو فلسطین کا قومی نشان پیش کیا گیا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری