سی پیک؛ دہشتگردی کی بھارتی سازش بے نقاب، را کے 12 کارندے گرفتار

خبر کا کوڈ: 1301124 خدمت: پاکستان
گوادر

سیکورٹی فورسز نے پاک چین اقتصادی راہداری اور دیامیر بھاشا ڈیم کے منصوبے کےخلاف بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کی سازش ناکام بناتے ہوئے 12 بھارتی ایجنٹس گرفتار کر لیے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، گلگت بلتستان کے انسپکٹر جنرل ظفراقبال اعوان نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح کیا کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کا تعلق بلوارستان نیشنل فرنٹ (بی این ایف) سے ہے اور یہ لوگ غیرملکی عناصر کے اشاروں پر کام کرتے ہیں۔

گرفتار ہونے والے بھارتی کارندوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور حساس مقامات کے نقشے قبضے میں لے لیے گئے جبکہ ملزمان نے دوران تفتیش 60 کے قریب بھارتی کارندوں کی پاکستان کے مختلف علاقوں میں موجودگی کی بھی نشاندہی کی ہے۔

واضح رہے کہ بی این ایف کا قیام 1995 میں عمل میں آیا، اس کے سربراہ عبدالحامد بلجیئم میں ہے اور وہ وہاں سے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک نیٹ ورک بنا رہا ہے۔

آئی جی ظفراقبال اعوان نے کہا بھارتی خفیہ ایجنسی "را" بی این ایف کی مالی معاونت کرتی تھی اور اس تنظیم کے بارے میں پولیس کو شبہ ہے کہ وہ دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری اور دیامیر بھاشا ڈیم کو ناکام کرنے کی مسلسل کوشش کررہی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا 30 سے 35 کروڑ روپے کے منی ٹریل کا بھی سراغ لگایا گیا ہے جنھیں ہتھیاروں اور املاک کی خریداری کیلیے استعمال کیا گیا۔ یہ رقم خفیہ ذرائع سے یہاں تک پہنچی۔

پولیس ذرائع کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے 8 کلاشنکوف، 3 شاٹ گنز، ایک7 ایم ایم پستول اور ایک 32 کیلیبر کی ریوالور بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ اس کے علاوہ رائفل پر لگنے والی ایک دوربین اور پاکستان مخالف مواد پر مشتمل لٹریچر کے 35 کارٹن بھی برآمد ہوئے۔

گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    تازہ ترین خبریں