کراچی میں رینجرز اختیارات میں 90 دن کی توسیع


کراچی میں رینجرز اختیارات میں 90 دن کی توسیع

سندھ حکومت نے کراچی میں پاکستان رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع کی منظوری دے دی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں رینجرز اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی منظوری کی سمری پر دستخط کردیئے، جس کے بعد اس سمری کو منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھیجا جائے گا۔

یاد رہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی مرکز کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف رینجرز آپریشن کا آغاز ستمبر 2013 میں ہوا تھا جب وفاقی کابینہ کی جانب سے رینجرز کو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے خصوصی اختیارات دیئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ 2016 کے اختتام پر رینجرز کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، ستمبر 2013 سے اب تک رینجرز نے کراچی میں 1 ہزار 992 آپریشن کیے، جس کے دوران 2 ہزار 847 مشتبہ مجرمان کو حراست میں لیا گیا۔

مذکورہ رپورٹ کے مطابق رینجرز کی کارروائیوں کے دوران 446 ٹارگٹ کلرز کو بھی گرفتار کیا گیا، جن میں سے 348 قاتلوں کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز سے تھا جب کہ 87 ٹارگٹ کلرز کا تعلق لیاری گینگ وار اور 11 کا تعلق مختلف فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث گروپوں سے تھا۔

رینجرز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اغوا برائے تاوان میں ملوث 26 ملزمان کو گرفتار کرکے 13 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔

رینجرز کی رپورٹ میں شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں طور پر کمی ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ رواں برس 87 افراد کو قتل کیا گیا جب کہ گزشتہ برس ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے والے افراد کی تعداد 199 تھی۔

خیال رہے کہ پچھلے سال ماہ اگست میں لاہور میں پاکستان تحریک انصاف  کے رکن مرزا تنویر کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے سندھ کی طرح پنجاب میں بھی رینجرز آپریشن کا مطالبہ کیا تھا۔

عمران خان نے اپنے بیان میں  نواز حکومت پر سنگین الزام لگاتے ہوئے بیان دیا تھا کہ پنجاب پولیس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عسکری شعبے کے طور پر کام کررہی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا تھا کہ پنجاب پولیس کو نہ صرف نواز لیگ کے مخالفین کو خوفزدہ کرنے کے لئے بلکہ قتل کرنے کے لئے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ لہذا اب یہ ضروری ہو چکا ہے کہ کراچی کی طرح لاہور میں بھی رینجرز آپریشن شروع کیا جائے۔

بعد ازاں دہشت گرد اور کالعدم تنظمیوں کےخلاف کارروائی کرنے کے لئے صوبہ پنجاب کے مخصوص علاقوں میں معینہ مدت تک کے لئے رینجرز کو طلب کر لیا گیا تھا۔

دھیان رہے کہ صوبہ پنجاب میں رینجرز کو بلانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں تھا ۔ اس سے قبل راجن پور میں بھی ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے لئے رینجرز کو طلب کیا گیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری