وفاقی اور صوبائی وزرا کی روایتی مذمت/ حسب معمول دھماکے کے بعد ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ


وفاقی اور صوبائی وزرا کی روایتی مذمت/ حسب معمول دھماکے کے بعد ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ

وفاقی وزیرداخلہ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے پارا چنار دھماکہ کی روایتی مذمت کی ہے جبکہ سانپ نکل جانے کے بعد لکیر کو پیٹنے کے مصداق، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پارا چنار دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے دھماکے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پاراچنار کے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہےکہ دہشتگرد کارروائیاں قوم کا عزم کمزور نہیں کرسکتیں۔

اسی طرح وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری نے پاراچنار سبزی منڈی میں دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد معصوم لوگوں کونشانہ بنا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پارا چنار کی سبزی منڈی میں آج علی صبح خودکش دھماکہ ہوا ہے جس میں اب تک 20 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

تاحال کسی دہشتگرد گروہ کی جانب سے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا۔

جبکہ وفاقی دارالحکومت کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی اہم عمارتوں اور تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے ہنگامی طور پر اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

دھیان رہے کہ افسوسناک واقعہ میں زخمی ہونے والے درجنوں افراد کو پارا چنار ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پہنچایا جا رہا ہے جبکہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ہسپتال سے جاری ہوئے ڈاکٹروں کے بیان کے مطابق متعدد زخمی افراد کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری