پارا چنار شہدا کی تعداد 25 تک پہنچ گئی/ ایم ڈبلیو ایم کا 3 روزہ سوگ اور ملک گیر احتجاج کا اعلان


پارا چنار شہدا کی تعداد 25 تک پہنچ گئی/ ایم ڈبلیو ایم کا 3 روزہ سوگ اور ملک گیر احتجاج کا اعلان

30 کلوگرام وزنی بم نے درجنوں گھر اجاڑ دیئے۔ آج ایم ڈبلیو ایم کی کال پر آج ملک کے کئی چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، سانحہ نیو سبزی منڈی پاراچنار کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قائدین بشمول علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ حسن ظفر نقوی، سید ناصر عباس شیرازی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ مبارک موسوی و دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں کہا ہے کہ پُرامن شہریوں کو نشانہ بنا کر دہشتگردوں نے بربریت کی تاریخ رقم کی ہے۔

اس المناک سانحہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم نے ملک بھر میں تین روزہ یوم سوگ اور ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور سیاسی سرپرستوں کے خلاف کارروائی کئے بغیر اس عفریت سے قوم کو نجات ملنا ممکن نہیں۔ پاراچنار کے عوام کو حب الوطنی کی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے نقطہ اٹھایا کہ حکومت اور انتظامیہ کرم ایجنسی میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے وہاں کے پُرامن عوام کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے سبب دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ کل صبح 8:50 بجے پاراچنار کی سبزی منڈی میں ایک خوفناک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 25 شہادتیں ہو چکی ہیں جبکہ 70 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق کم از کم 10 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے شہادتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

یاد رہے کہ کالعدم تحریک طالبان نے اس دہشتگرد کاروائی کی ذمہ داری قبول کی ہے اور اسے اپنے دہشتگرد ساتھیوں کی ہلاکتوں اور گرفتاریوں کا انتقام قرار دیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری