نائیجیریا میں ٹرمپ کےحامیوں جبکہ امریکہ میں مخالف مظاہرین پر پولیس کا کریک ڈاؤن


نائیجیریا میں ٹرمپ کےحامیوں جبکہ امریکہ میں مخالف مظاہرین پر پولیس کا کریک ڈاؤن

نائیجیریا میں نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں پر فائرنگ کے دوران 20 افراد ہلاک جبکہ درجنوں گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ دوسری جانب واشنگٹن میں امریکی صدر کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر آنسو گیس اور مرچی سپرے کا استعمال کیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جہاں پوری دنیا میں نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے کے بعد ان کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں تو دوسری طرف نائیجریا میں ٹرمپ کے حامی بھی میدان میں کود پڑے ہیں اور انہوں نے امریکی صدر کی حمایت میں ایک ریلی نکالی۔

ذرائع کے مطابق، علیحدگی پسند تنظیم کی جانب سے امریکی صدر کی حمایت میں ریلی نکالی جارہی تھی جب ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 53 افراد کی گرفتاری کی حکام نے تصدیق کی ہے اور خبر ایجنسی کے مطابق 20 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

تاہم حکام نے ہلاکتوں کی اطلاعات کی تردید کی ہے۔

غیر ملکی اخبار کے مطابق ہلاکتیں مظاہرین اور پولیس کے مابین تصادم کی وجہ سے ہوئیں۔

جنوی دریائی ریاست کے بیافرا کے علاقے کو لوگوں کی جانب سے ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کہ وہ بیافرا کو آزاد ریاست دیکھنا چاہتے ہیں، کے بعد ریلی نکالی گئی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اوباما پسند نہیں، ٹرمپ ایک حساس لیڈر ہیں اور وہ ہماری آزادی کے لیے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے بعد سے ہزاروں افراد واشنگٹن میں سراپا احتجاج ہیں جب کہ مشتعل مظاہرین نے درجنوں گاڑیوں کو نذر آتش کرتے ہوئے متعدد دکانوں کے شیشے توڑ دیئے اور پولیس سے جھڑپوں کے دوران 6 اہلکار بھی شدید زخمی ہوئے۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس کے باوجود مظاہرین سڑکوں پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ سیکورٹی فورسز نے مختلف علاقوں سے 200 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے جنہیں قانونی کاروائی کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

سیاسی ماہرین کی جانب سے  نو منتخب امریکی صدر کے حوالے سے ایک دلچسپ تبصرہ سامنے آیا ہےکہ ڈونلڈ ٹرمپ اس لحاظ سے بھی امریکہ کے ایک منفرد صدر ہیں کہ جن کے مخالفوں کے ساتھ ساتھ حامیوں پر بھی پولیس ڈنڈے برساتے ہوئے گرفتار کر رہی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری