نائجیریا؛ خودکش حملوں میں شیرخوار بچوں کا استعمال


نائجیریا؛ خودکش حملوں میں شیرخوار بچوں کا استعمال

نائجیریا کی حکومت نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش بمبار خواتین سیکورٹی فورسز کو دھوکہ دینے کے لئے شیرخوار بچوں کا مزید استعمال کرسکتی ہیں۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، نائجیریا کی حکومت نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش بمبار خواتین سیکورٹی فورسز کو دھوکہ دینے کے لئے شیرخوار بچوں کا استعمال کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ نائجیریا کے شہر مداگالی میں 13 دسمبر کو دو خودکش بمبار خواتین نے اپنے شیرخوار بچوں سمیت خود کو اڑا لیا تھا، سیکورٹی اہلکاروں نے شیرخوار بچوں کو دیکھ کر تلاشی نہیں لی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنے ھدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔

نائجیریا کے مختلف شہروں میں کئی خواتین خودکش حملے کر چکی ہیں جس میں سینکڑوں شہری خاک وخون میں غلطاں ہوچکے ہیں۔

نائجیریا کے حکام نے ملک بھر کی سیکورٹی مراکز کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر خودکش حملوں کے لئے شیرخوار بچوں کا استعمال کرسکتے ہیں، مشکوک افراد کی بھرپور تلاشی لی جائے تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

نائجیریا میں سرگرم دہشت گرد ٹولے بوکوحرام نے کئی مرتبہ شیرخوار بچوں سمیت خواتین کا خودکش حملوں میں استعمال کیا ہے۔

گزشتہ سال نومبر کے مہینے میں بھی دو خواتین خودکش حملوں میں کم سے کم 45 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

بوکوحرام درندہ صفت داعش کی ایک ذیلی شاخ ہے جس نے داعش کی بیعت کی ہے۔

یاد رہے کہ نائجیریا میں 2009 سے اب تک اس گروہ کے حملوں میں ہزاروں افراد جاں بحق اور 26 لاکھ سے زائد بے گھر ہوچکے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری