جرمنی سے افغان مہاجرین کے 50 افراد پر مشتمل ایک اور گروہ ڈی پورٹ


جرمنی سے افغان مہاجرین کے 50 افراد پر مشتمل ایک اور گروہ ڈی پورٹ

جرمن حکومت نے اپنے شہریوں کے خدشات اور جذبات کے پیش نظر افغان تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج 50 افراد پر مشتمل ایک اور گروہ کو کابل پہنچایا جائے گا۔

تسنیم نیوز کے مطابق، آج جرمن کے شہر فرینکفرٹ سے ایک اور طیارہ افغان تارکین وطن کو لے کر کابل پہنچ رہا ہے۔

جرمن حکام کے مطابق آج کے پرواز کے ذریعے 50 افغان تارکین وطن کو کابل پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ جرمن حکام نے دو مہینے پہلے بھی 45 افغان تارکین وطن کو ڈی پورٹ کیا تھا۔

جرمن شہریوں میں افغان مہاجرین کے خلاف جذبات اور سیکورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں اور تارکین وطن کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے جرمن حکومت نے افغان تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

جرمن حکام کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ طے پایا ہے کہ جن تارکین وطن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد کی گئی ہیں ان کو افغانستان واپس بھیجا جائے گا۔

افغان تارکین وطن کی جبری ملک بدری پر حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

افغان حکام کے مطابق گزشتہ سال یورپی ممالک سے 10 ہزار سے زائد افغان تارکین وطن کابل واپس پہنچے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں لاکھوں افغان تارکین وطن آباد ہیں اور پاکستانی حکام افغان حکومت سے مہاجرین کی باعزت واپسی میں تعاون کے خواہاں ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری