ٹرمپ کی مودی سے ٹیلیفونک رابطہ/ امریکہ دورے کی دعوت


ٹرمپ کی مودی سے ٹیلیفونک رابطہ/ امریکہ دورے کی دعوت

نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ٹرمپ نے مودی کو دورہ امریکہ کی دعوت دی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹیلی فون پر دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے معاشی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق دوران گفتگو ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ، بھارت کو ایک سچا دوست اور عالمی مسائل میں ساتھ دینے والا ساتھی سمجھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق اس موقع پر ٹرمپ نے نریندر مودی کو اس سال کے آخر میں دورہ امریکا کی دعوت بھی دی۔

خیال رہے کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے بیان دیا تھا کہ وہ ہندوؤں اور ہندوستان کے بہت بڑے پرستار ہیں اور ان کے صدر بننے کی صورت میں امریکہ اور بھارت نہایت قریبی دوست بن جائیں گے۔

دوسری جانب بھارت دنیا کے ان چیدہ  چیدہ علاقوں میں سے ایک ہے جہاں ٹرمپ کی جیت کا جشن منایا گیا تھا۔

یاد رہےکہ اس سے قبل 22 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے درمیان پہلی بار فون کے ذریعے بات چیت ہوئی تھی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرنے کے بعد کہا تھا کہ امریکی صدر نے انہیں آئندہ ماہ ملاقات کے لیے امریکہ آنے کی دعوت دی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری