بحرین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امت مسلمہ خاموش نہیں رہ سکتی، شیعہ علما کونسل

خبر کا کوڈ: 1307132 خدمت: اسلامی بیداری
علامہ سبطین سبزواری

شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر نے اس بیان کے ساتھ کہ مسلمانوں کے مسائل پر اقوام متحدہ کی پالیسی منافقانہ ہے، کہا کہ بحرین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امت مسلمہ خاموش نہیں رہ سکتی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین سبزواری نے کہا ہے کہ بحرین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امت مسلمہ خاموش نہیں رہ سکتی۔ عالمی استعماری اداروں نے ہمیشہ انقلاب کے راستے روکے اور انسانی حقوق بھی انہیں صرف یورپی دنیا کے لئے نظر آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے مسائل پر اقوام متحدہ کی پالیسی منافقانہ ہی رہی ہے۔ برما، بحرین، یمن، شام، کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم جاری ہیں مگر اقوام متحدہ انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحرین مکتب اہل بیت کے ماننے والوں کی اکثریت کا ملک ہے، مگر انہیں آل خلیفہ کی شہنشاہیت شہری اور جمہوری حقوق دینے کو تیار نہیں۔ جھوٹے مقدمات میں تحریک اسلامی الوفاق کے تین نوجوان کارکنوں کی سزائے موت سے واضح ہوگیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میںفسادات پیدا کرنے والے ایک عرب ملک کے فرمانروا کے حمایتی بحرین کے شاہی خاندان آل خلیفہ کے مظالم اپنی حدیں پار کرچکے ہیں۔ مگر انہیں خون کا حساب اور بزرگ رہنما آیت اللہ عیسیٰ قاسم کی شہریت کی منسوخی اور الوفاق کے دیگر قائدین کی نظر بندیاں اور سزاوں کاحساب دینا ہوگا۔

علامہ سبطین سبزواری نے استفسار کیا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیوں کو بحرین کے مظالم کیوں نظر نہیں آرہے۔

انہوں نے کہا کہ شیعہ علما کونسل بحرینی عوام کے حقوق کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ امت واحدہ کے کسی بھی فرد کو جہاں بھی تکلیف ہوگی، بحیثیت مسلمان ان سے اظہار یکجہتی کرنا اپنے فرائض میں سمجھتے ہیں۔

    تازہ ترین خبریں