عراق کا تیل صرف عراقیوں کے لئے ہے، العبادی


عراق کا تیل صرف عراقیوں کے لئے ہے، العبادی

عراقی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ عراق کے تیل پر صرف عراقی قوم کا ہی حق ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کا امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے جواب میں کہنا تھا: عراق کا تیل صرف اور صرف عراقی قوم کا ہی ہے اس بارے میں کسی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے کہا تھا کہ جب امریکہ نے عراق پر حملہ کرکے قبضہ کرلیا تھا تو اس وقت عراقی تیل پر بھی قبضہ کرلینا چاہئے تھا، اگر امریکہ عراقی تیل کو اپنے قبضے میں لیتا تو داعش وجود میں نہ آتی۔

حیدر العبادی نے بغداد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: عراق کی سرزمین سے نکلنے والا تیل صرف اور صرف عراقی قوم کا ہے، کسی دوسرے ملک کو اس کے بارے میں بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ "میں نہیں سمجھتا دنیا میں کوئی ایسا شخص بھی ہو جو یہ کہے کہ عراق کی سرزمین سے نکلنے والا تیل عراقی قوم کا نہیں ہے"۔

العبادی نے مزید کہا: عراقی حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی سطح پر حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراق سے تکفیری دہشت گردوں کا خاتمہ جلد از جلد کیا جائے گا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری