بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر طلب/ پاکستان میں اپنے سفارتی عملے کی سیکورٹی بڑھانے پر زور


بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر طلب/ پاکستان میں اپنے سفارتی عملے کی سیکورٹی بڑھانے پر زور

ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر رفیع الزمان صدیقی کو وزارت خارجہ امور میں طلب کرکے پاکستان میں بنگلہ دیشی سفارتی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، بنگلہ دیشی اخبار دی ڈیلی سٹار نے اطلاع دی ہے کہ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر رفیع الزمان صدیقی کو وزارت خارجہ امور میں طلب کرکے پاکستان میں بنگلہ دیشی سفارتی عملے کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کو کہا گیا ہے کہ سفارتی مشن کی حفاظت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے لہذا پاکستان اپنے ملک میں موجود بنگلہ دیشی مشن کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے پاکستان سے کچھ عرصے سے تعلقات کشیدہ چل رہے ہیں۔

چند ماہ قبل 1971ء کی جنگ میں مختلف جنگی جرائم کی پاداش میں جماعت اسلامی کے رہنما میر قاسم علی کو پھانسی دے دی گئی تھی جس پر پاکستان نے گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا تھا۔

اس کے ردعمل میں بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد نے بیان دیا تھا کہ جنگی مجرموں کی سزاؤں کے خلاف احتجاج کرنے والے پاکستان کو سارک کانفرنس سے نکال دینا چاہئے۔

بنگلہ دیشی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک شکست خوردہ قوم ہے، 1971ء میں ہم نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری