بحرین کے الدراز علاقے پر آل خلیفہ کا خونی حملہ


بحرین کے الدراز علاقے پر آل خلیفہ کا خونی حملہ

آل خلیفہ کے سیکورٹی فورسز نے شیخ عیسیٰ قاسم کے گھر کے مضافات میں دھرنا دینے والے شہریوں پر دھاوا بول کر متعدد افراد کو زخمی کردیا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق، بحرین کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ عیسیٰ قاسم کے گھر کے اطراف میں دھرنے میں بیٹھے شرکاء پر آل خلیفہ کے سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ کرکے متعدد شہریوں کو خاک وخون میں غلطاں کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آج علی الصبح آل خلیفہ کے مسلح فوجی اہلکاروں نے 20 سے زائد بکتربند گاڑیوں سمیت شیخ عیسیٰ قاسم کی حمایت میں دھرنا دینے والے شہریوں پر حملہ کردیا ہے۔

مسلح عناصر نے نہتے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کرکے متعدد شہریوں کو شدید زخمی کردیا ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بحرین کے علماء نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے نکل کر الدراز علاقے کی طرف مارچ کریں اور شیخ عیسیٰ قاسم کی حمایت میں آواز بلند کریں۔

مسلح حکومتی اہلکاروں کے حملے کے بعد بحرین کی عوام  گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آئی ہے اور حکومت کے خلاف زبردست مظاہرے کئے جارہے ہیں۔

آل خلیفہ کے درندہ صفت سیکورٹی اہلکاروں نے الدارز علاقے کا محاصرہ کیا ہے شیخ عیسیٰ قاسم کے گھر کی طرف بھی فائرنگ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، بڑی تعداد میں نوجوان علماء کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے الدراز علاقے کی طرف جانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم آل خلیفہ کے سیکورٹی فورسز طاقت کا استعمال کرکے جوانوں پر تشدد کے ساتھ ساتھ انہیں آگے جانے سے روک رہے ہیں۔

یاد رہے کہ بحرین میں 14 فروری 2011ء سے آل خلیفہ کی استبدادی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے۔

بحرینی عوام اپنے ہی ملک میں آزادی، انصاف، نسلی امتیاز کے خاتمے اور ایک منتخب عوامی حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کررہے ہیں۔
 

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری