15 مارچ 2017 پاکستان میں مردم شماری کے آغاز کا دن/ 2 لاکھ فوجی جوان سیکیورٹی فراہم کرینگے


15 مارچ 2017 پاکستان میں مردم شماری کے آغاز کا دن/ 2 لاکھ فوجی جوان سیکیورٹی فراہم کرینگے

پاکستان میں 1998 کے بعد اب 19 سال بعد مردم شماری ہونے جا رہی ہے جس میں 2 لاکھ فوجی جوان سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاک فوج کے تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر باجوہ نے مردم اور خانہ شماری کے درمیان امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پلان کی منظوری دے دی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے دولاکھ جوان مردم اور خانہ شماری کے دوران پورے ملک میں ٹیموں کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

ذرائع کے مطابق مردم شماری کا آغاز رواں سال 15 مارچ سے کیا جائے گا، جو مرحلہ وار ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں آخری بار مردم اور خانہ شماری 1998 میں کی گئی تھی جبکہ پاکستان کے آئین کے مطابق ہر 10 سال بعد مردم شماری ہونی چاہئے۔

تاہم طویل وقفے کے بعد سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے حکومت وقت کو مردم شماری کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

واضح رہے کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان کی آبادی اس وقت 20 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔

پاک فوج کے جوان حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ دیگر آپریشنل ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

علاوہ ازیں فوج ضرب عضب،کراچی آپریشن سمیت دیگر آپریشنل ڈیوٹی جاری رکھے گی۔

خیال رہے کہ کسی بھی ملک میں مردم شماری ایک خاص اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

ملک کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو عوام کی فلاح کے لئے منصوبے بنانے میں مدد ملتی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری