تہران کی جانب سے واشنگٹن کو منہ توڑ جواب ایرانیوں کی خود داری کا منہ بولتا ثبوت


تہران کی جانب سے واشنگٹن کو منہ توڑ جواب ایرانیوں کی خود داری کا منہ بولتا ثبوت

چیئرمین تحریک انصاف نے ایرانیوں کی جانب سے امریکہ کو دندان شکن جواب پر داد دیتے ہوئے کہا کہ جب ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایران کے ویزے بند کریں گے تو ایران نے کہا کہ ہم امریکیوں کے ویزے بند کردیں گے کیوںکہ وہ خود دار قوم ہے، اپنے پاؤں پر کھڑی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے پڑوسی ملک ایران جو پاکستان سے آدھی آبادی رکھتا ہے اس نے امریکہ کو جواب دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ان خیالات کا ظہار کچھ دیر پہلے میدان ظفر علی اسٹیڈیم ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے جلسے سے مخاطب ہو کر کہا کہ میں تو ایک طرح سے دعاگو ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ واقعی پاکستانیوں کے ویزے روک دے اور میں ایسا اس لیے چاہتا ہوں کہ ایسا ہونے کے بعد ہم اپنے ملک کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے مجمع سے استفسار کیا کہ کیا آپ بھیک مانگنے والے کی عزت کرتے ہیں؟ جو آپ کے سامنے ہاتھ پھیلاتا ہے دنیا اس کی عزت نہیں کرتی، جو قومیں خوددار نہیں ہوتیں اور اپنے لوگوں کی عزت نہیں کرتیں ان کی دنیا میں بھی عزت نہیں ہوتی۔

خودداری اور خودانحصاری کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایران کے ویزے بند کریں گے تو ایران نے کہا کہ ہم امریکیوں کے ویزے بند کردیں گے کیوںکہ وہ خود دار قوم ہے، اپنے پاؤں پر کھڑی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکمران ملک کومقروض کررہے ہیں، ہر پاکستانی پر قرضہ چڑھا ہوا ہے اور ان لوگوں کی وجہ سے ہی ہمیں دنیا بھر میں ذلت ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم چیک اپ کرانے کے لیے بھی باہر جاتا ہے، ہمیں پاکستان کو ٹھیک کرنا ہوگا، اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا۔

ساہیوال کے ظفر علی اسٹیڈیم میں اسٹیج پر تحریک انصاف کے پرچموں کے رنگ نمایاں ہیں۔

اسٹیج کے پیچھے قد آدم بینر پر عمران خان کی بڑی تصویر کے ساتھ قائداعظم محمدعلی جناح کی تصویر بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

جبکہ پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد نے اسٹیج سمیت جلسہ گاہ کوحصار میں لے رکھا ہے۔

دوسری جانب عمران خان کا جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بیان دیا ہے کہ دھرنا گروپ اور کرپشن زدہ سابق حکمرانوں نے ملک کوتباہ کر دیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری