حافظ سعید 4 ساتھیوں سمیت نظر بند / فیصلے کے پیچھے امریکہ اور بھارت ہیں، حافظ سعید + نوٹیفکیشن


حافظ سعید 4 ساتھیوں سمیت نظر بند / فیصلے کے پیچھے امریکہ اور بھارت ہیں، حافظ سعید + نوٹیفکیشن

حکومت پنجاب نے امیر جماعت الدعوة حافظ سعید اور ان کے 4 ساتھیوں کو 6 ماہ کیلئے نظر بند کر دیا ہے جس پر حافظ سعید نے کہا ہے کہ ان کو بھارتی اصرار اور امریکی دباؤ پر نظر بند کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں جماعت الدعوة کے امیر حافظ سعید کو چار ساتھیوں سمیت 6 ماہ کیلئے جامعہ القادسیہ چوبرجی لاہور میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے جامعہ قادسیہ کو ہی سب جیل قرار دیتے ہوئے حافظ سعید کو یہیں پر نظر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی ان کی ہر قسم کی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو 4 روز قبل شیڈول 2 کے تحت واچ لسٹ میں رکھا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق، حافظ سعید کے ساتھ ہی ان کے دیگر 4 ساتھیوں عبداللہ عبید، ظفر اقبال، عبدالرحمان عابد اور قاضی کاشف نیاز کو بھی نظر بند کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پانچوں افراد ان دونوں تنظیموں کے فعال رکن ہیں۔

دوسری جانب حافظ سعید کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کئی بار نظر بند کیا گیا لیکن عدالتوں نے ہمیشہ ہی ریلیف دیا اس بار بھی نظر بندی کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں کشمیر کاز کیلئے کھڑے ہونے کی پاداش میں نظربند کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں سے ہمارا کشمیر کے حق میں کھڑے ہونا برداشت نہیں ہو رہا لیکن ہم کشمیر کے موقف پر ڈٹے رہیں گے، حکومت بھارت کے اصرار اور امریکہ کے دباﺅ پر یہ سب کچھ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ روز ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران جماعت الدعوة کے حوالے سے کہا تھا کہ یہ تنظیم 2011 سے زیر نگرانی ہے اور منگل تک اس تنظیم کے حوالے سے فیصلہ کرلیا جائے گا۔

دھیان رہے کہ چوہدری نثار کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس کے بعد ہی حافظ سعید کو نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے حافظ سعید کی نظر بندی کے احکامات جاری ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری بھی جماعت الدعوة کے مرید کے میں قائم مرکز پہنچ گئی ہے اور غیر متعلقہ افراد کو مرکز میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

حافظ سعید نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت کی ایماء پر نظربند کیا جا رہا ہے جس کے خلاف وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری