چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر گورنر سندھ تعینات


چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر گورنر سندھ تعینات

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کے بھائی زبیر عمر، مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے گورنر سندھ تعینات ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد عمر کے بھائی جو نجکاری کمیشن میں بطور چیئرمین خدمات سرانجام دے رہے تھے، کو گورنر سندھ تعینات کر دیا گیا ہے۔

صدر ممنون حسین نے ان کے گورنر تعیناتی کی سمری پر دستخط کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ گورنر کی حیثیت سے وہ سندھ کے عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔

دوسری جانب محمد زبیر عمر نے سندھ کی گورنری کو ایک بڑی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے بیان دیا ہے کہ وہ صوبے کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے پیپلز پارٹی کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

ان کی حلف برداری جمعرات کو متوقع ہے۔

خیال رہے کہ محمد زبیر کا 18 دسمبر 2013ء کو وزیر مملکت اور چیئرمین نجکاری کمیشن کے عہدے پر تقرر ہوا، انہوں نے چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ اور اکنامک ٹیکس ریفارمز میڈیا کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے بھی کام کیا جبکہ امریکی آئی ٹی کمپنی آئی بی ایم سے بھی وابستہ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے والے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی 11 جنوری 2017  کو شدید علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

وہ محض 2 ماہ اس عہدے پر فائز رہے، ان کے بعد سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر تعینات تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری