بے سبب قید بےگناہ کشمیریوں کی حق میں آواز

خبر کا کوڈ: 1314215 خدمت: اسلامی بیداری
کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینیئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مختلف جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینیئر رہنما آغا سید حسن نے تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا سید حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نہتے کشمیریوں خاص طور پر نوجوانوں کو جھوٹے اور بےبنیاد الزامات میں ملوث کر کے ان کے ساتھ قید میں غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ درجنوں کشمیری طلباء کے تعلیمی مستقبل کو تاریک کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور کم عمر لڑکوں کو بھی جیلوں اور پولیس اسٹیشن میں نظربند کیا گیا ہے۔

انہوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ نظربندوں کی رہائی کے بارے میں عدالتی احکامات کو بھی خاطر میں نہیں لایا جارہا ہے۔

حریت رہنما نے کہا کہ بیشتر نظربندوں کی جسمانی حالت ابتر ہے اور وہ اپنے خاندانوں کے واحد کفیل ہیں تاہم انتظامیہ نے اپنی انا کی تسکین کیلئے انہیں مسلسل غیر قانونی طور پر نظربند کر رکھا ہے۔

آغا سید حسن نے تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کا مقرر مطالبہ کیا۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری