مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کئے بنا خطے میں امن ممکن نہیں


مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کئے بنا خطے میں امن ممکن نہیں

صدر ممنون حسین اور ان کے فلسطینی ہم منصب محمودعباس نے ایوان صدر اسلام آباد میں باہم ملاقات کے دوران خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے فلسطین اور کشمیر کے تنازعہ کے جلد اورمنصفانہ حل کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری پر باہم زور دیا کہ وہ اسرائیل کو نئی بستیوں کو توسیع دینے سے منع کرے اور مسئلہ فلسطین حل کرانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

اسی طرح پاکستان اور فلسطین کے صدور نے کشمیر کے تنازعہ کے جلد اور منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر ممنون نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کے عوام سے انتہائی محبت کرتے ہیں اور فلسطینیوں کے نصب العین کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فلسطینی سفارتخانے کی نئی عمارت ہماری دوستی کی ایک اور مثال ہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان نے فلسطینی عوام کے آزاد ریاست کے مطالبے کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

صدر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام قابض افواج کے ہاتھوں مشکلات کا شکار ہیں۔
صدر نے پاکستان اور فلسطین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر معزز مہمان نے اپنا اور اپنے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کرنے پر صدر ممنون حسین کا شکریہ اد ا کیا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی اور فلسطین کے نصب العین کیلئے اس کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

دونوں صدور نے معاونین کے بغیر بھی ملاقات کی جس کے بعد وفد کی سطح پر ملاقات ہوئی۔

صدرممنون حسین نے صدرمحمودعباس کو قائداعظم محمدعلی جناح کی ذاتی ڈائری جس میں بانی پاکستان کے گھریلو اخراجات کا ریکارڈ تھا اور دوسری اشیاء سمیت ان کے ذاتی استعمال کی اشیاء دکھائیں جنہوں نے ان میں گہری دلچسپی لی۔

صدرممنون حسین نے معزز مہمان کو قائداعظم کے ذاتی سامان کے بارے میں بھی بتایا۔

فلسطین کے صدر نے مفتی سید امین الحسینی کے ساتھ قائداعظم کی یادگار تصویر اور فلسطین کے بارے میں علامہ اقبال کی شاعری کے اقتباسات بھی دیکھے۔

صدر محمودعباس اور ان کے وفد نے القدس شریف کے ماڈل کو دیکھ کر گہری مسرت کا اظہار کیا جو یاسرعرفات نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر پیش کیا تھا۔

صدرمحمودعباس نے قائداعظم کی ذاتی اشیاء کی تعریف کرتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کی اور کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال تاریخ کے عظیم رہنما تھے۔

واضح رہے کہ صدر ممنون حسین اور ان کے فلسطینی ہم منصب محمودعباس نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر اسلام آباد میں باہم ملاقات کے دوران کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل ہونے کے بعد فلسطین کے صدر محمود عباس واپس روانہ ہو گئے جنہیں صدر مملکت ممنون حسین نے الوداع کیا۔

وہ پیر کے روز پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔ صدر ممنون حسین نے فلسطینی صدر کو دورہ پاکستان کا تصویری البم بھی پیش کیا۔

صدر محمود عباس کے ہمراہ اس دورے پر 5 وزرا سمیت 17 رکنی وفد بھی موجود تھا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری